یوم اقبال کی چھٹی کی منسوخی : وکلاء کا لاہور کی ما تحت عدالتوں کا بائیکاٹ

وکلاء ہڑتال کی بناء پر ہزاروں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی‘ سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا

پیر 9 نومبر 2015 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) یوم اقبال کی چھٹی کی منسوخی کے خلاف وکلاء نے لاہور کی ما تحت عدالتوں،سیشن عدالتوں،ضلع کچہری،ماڈل ٹاون کچہری،کینٹ کچہری اور جوڈیشل کمپلیکس میں قائم عدالتوں سمیت تمام عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔وکلاء ہڑتال کی بناء پر ہزاروں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی جسکی وجہ سے پیشی پر آئے ملزمان اور سائلین اگلی تاریخیں لے کر مایوس لوٹ گئے۔

یوم اقبال کی چھٹی کی منسوخی بارے لا علم ہونے پر عدالتوں میں سائلوں کا رش بھی کم تھا تاہم دور دراز سے آئے ہوئے سائلین کو وکلا کے احتجاج کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لاہور بار کی جانب سے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جنرل ہاؤس کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مقررین نے علامہ اقبال کے حالات زندگی ، انکی سوچ و فکر اور نظریات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدرات لاہور بار کے صدر اشتیاق اے خان نے کی،لاہور بار کی طرف سے مفکر پاکستان کے یوم پیدائش کی چھٹی کی منسوخی کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ وکلاء نے کہا کہ انہیں حکومت کا یہ عمل کسی طرح بھی قبول نہیں،حکومت نے کس ایجنڈے کے تحت یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کی سمجھ سے بالاتر ہے جسکی پنجاب بھر کے وکلاء بھرپور مذمت کرتے ہیں۔پنجاب بار کی لیگل ایجوکیشن کمیٹی کی طرف سے مفکر پاکستان علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

چئیرمین لیگل ایجوکیشن کمیٹی رانا انتظار نے تقریب کی صدارت کی۔کمیٹی کے سیکرٹری مدثر چودھری، مرزا حسیب اسامہ، ارشاد گجر، وسیم کھٹانہ، غلام مجتبےٰ ، رانا عمران و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا پیغام ہمیں برداشت ،میانہ روی اور خودی کا سبق دیتا ہے ، علامہ اقبال کے بتائے اصولوں پر عمل درآمد کر کے ہم ایک مضبوط اور باہمت قوم بن سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے یوم اقبال پر ہر سال ہونے والی عام تعطیل کی چھٹی منسوخ کرنا سمجھ سے باہر ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقبال ڈے کی چھٹی فوری بحال کی جائے۔

متعلقہ عنوان :