پی سی بی قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی کارکردگی سے خوش ، معاہدے اور معاوضے بڑھانے کاامکان

منگل 10 نومبر 2015 11:53

پی سی بی قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی کارکردگی سے خوش ، معاہدے اور معاوضے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) پاکستا ن کرکٹ بورڈ، پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور ان کے ساتھ کام کرنے والے سپورٹ سٹاف کے عہدے کی معیاد میں توسیع دینے کا ارادہ رکھتا ہے تاہم ملکی اور غیر ملکی کوچز سے رضامندی لینے کے بعد ان کے ساتھ نئے معاہدے کئے جائیں گے اور ان کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا جاسکتاہے۔ پی سی بی چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم نے گذشتہ ڈیڑھ سال میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے ، کوچز معاہدوں کی توسیع کے مستحق ہیں تاہم وقت آنے پر ان کے معاہدوں اور دستیابی کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپریل 2014ء میں وقار یونس کو ڈیو واٹمور کی جگہ دو سال کے لئے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔

(جاری ہے)

واٹمور کے بعد تین ماہ کے لئے سابق کپتان معین خان کو ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لئے کوچ بنایا گیا تھا۔ ایشیا کپ میں پاکستان کو فائنل میں سری لنکا نے ہرایا تھا جب کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں کوالیفائی نہیں کرسکی تھی جس کے بعد معین خان کے ساتھ محمد حفیظ کو قیادت سے برطرف کردیا گیا تھا جبکہ ظہیر عباس کو بیٹنگ کوچ اور شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ کے عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا۔

وقار یونس آسٹریلیا سے پاکستان آئے نہیں ماہانہ سولہ لاکھ روپے معاوضہ ملتا ہے۔ ان کے دور میں پاکستانی ٹیم میں تشکیل نو کا عمل جاری رہا اور کئی نئے لڑکوں کو چانس دیا گیا۔