مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر پیش رفت کی جاسکتی ہے‘راجہ فیصل ممتاز راٹھور

منگل 10 نومبر 2015 13:12

نیو یا رک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر پیش رفت کی جاسکتی ہے جنوبی ایشیاء کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میںآ ئے روز انسانی حقوق کی پامالی کررہی ہیں ماؤں بہنوں کی عصمتوں کو تار تار کیا جارہا ہے۔

اقوام عالم اگر مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا نہیں کریگی تو کشمیر میں لگنے والی آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر فائرنگ اور کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے بھارت کبھی تحریک آزادی کو ختم نہیں کر سکتا، ہم بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے اور تحریک آزادی کی حمایت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گے ۔

(جاری ہے)

کشمیریوں نے حق خودارادیت کے لیے پر امن جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ بھارت کی آٹھ لاکھ پیرا ملٹری فورسز کشمیریوں کو زیادہ عرصے تک آزادی کی منزل سے دور نہیں رکھ سکتیں انہوں نے کہا کہ خطہ کی تعمیر و ترقی کیلئے مختصر عرصہ میں انقلابی اقدامات اٹھائے خطہ خوشحالی کی جانب چل نکلا ہے عوام کی فلاح کیلئے شروع کئے گئے منصوبوں کو مکمل اور نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے پیپلز پارٹی عوامی سمندر کانام ہے قیادت کے نظریات پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنے کے لئے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی عوام پاکستان کیساتھ ہی جینا اور مرنا چاہتے ہیں ‘بھارت طاقت کے بل بوتے پر کسی صورت کشمیریوں کو زیادہ دیر تک یرغمال نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے صف اول کا کردار ادا کررہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جو خدمات آزاد حکومت ریاست جموں کشمیرمیں موجود پیپلزپارٹی کی حکومت کررہی ہے یقینا وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یوم سیاہ بھرپور انداز میں منائیں گے، کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں‘ ظالم جتنا مرضی ظلم بڑھا دے ‘ پاکستان اور کشمیری عوام مل کر مظالم مقابلہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔