جاری ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتی جائے ‘ وزیر مواصلات

منگل 10 نومبر 2015 13:40

سماہنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)وزیر تعمیرات عامہ شاہرات چوہدری محمد رشید کا وزیر مال چوہدری علی شان سونی کے ہمراہ سماہنی شاہرات کے جاری منصوبوں کا معائنہ اور جاری منصوبہ جات کو بروقت اور تصریحات کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت ،جاری ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتی جائے ۔ وزیر مواصلات کی محکمہ کے آفیسران کوہدایت قبل ازیں مہتمم شاہرات بھمبر اور نائب مہتمم شاہرات نے جاری منصوبوں کے بارے میں وزیر حکومت کو بریفنگ دی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے دورہ بھمبر کے دوران سماہنی بھمبر میں محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات کے جاری منصوبہ جات کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر مال چوہدری علی شان سونی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں محکمہ شاہرات کے آفیسران نے وزیر حکومت کو محکمہ کے جاری منصوبہ جات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر حکومت نے اس موقع پر عوامی وفود اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر پسماندہ ، دور آفتادہ اور بالخصوص سیز فائر لائن کے قریبی علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

چونکہ یہ علاقے گزشتہ کئی سالوں سے شدید انڈین فائرنگ کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر لائن کے قریب آبادسول آبادی ، دفاع پاکستان کی جنگ لڑ رہی ہے۔ سول آبادی نے شدید انڈین فائرنگ کے دوران بھی اپنے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کرتے ہوئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع یقینی بنا کر یہ ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف پاکستانیوں سے زیادہ پاکستانی ہیں بلکہ ہر کشمیری بالخصوص سیز فائر لائن پر آباد کشمیری پاکستان کا بلا تنخواہ اور بے وردی سپاہی ہے۔

سرحدی دیہاتوں میں مقیم آبادی کی جانی و مالی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریمورٹ اور سرحدی علاقوں کو تعمیر و ترقی کے لحاظ سے شہروں اور ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے عملی اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حلقہ سماہنی میں چوہدری علی شان سونی کی عوامی خدمت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ سماہنی کے لوگوں کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں علی شان سونی جیسا لیڈر دستیاب ہے۔