ڈویژن میرپورمیں نیشنل ایکشن پلان پرسوفیصد عملدرآمد ہورہاہے‘کمشنر میرپور ڈویژن

منگل 10 نومبر 2015 15:10

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)چیئرمین ریجنل کمیٹی برائے عملدرآمدنیشنل ایکشن پلان وکمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان نے کہاہے کہ ڈویژن میرپورمیں نیشنل ایکشن پلان پرسوفیصد عملدرآمد ہورہاہے جس میں انتظامیہ ، پولیس اور حساس اداروں کی محنت اورنیشنل ایکشن پلان سے بھرپور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائے جانے والے قوانین کے ساتھ ساتھ دیگرقوانین پربھی اسی رفتار سے عملدرآمد کویقینی بنایاجائے تاکہ ریاست کا امن وامان متاثر نہ ہواورنہ ہی سماج دشمنوں کو جرائم کرنے کاموقع مل سکے۔

نیشنل ایکشن پلان کا بنیادی مقصد معاشرہ میں امن وامان کاقیام اور عوام الناس کی جان ومالی کوہرطرح سے تحفظ فراہم کرناہے۔

(جاری ہے)

محرم الحرام کے دوران نیشنل ایکشن پلان کے تحت امن وامان کوبحال رکھنااور نیشنل ایکشن پلان کے قوانین پرسوفیصد عملدرآمدپرممبران نیشنل ایکشن پلان مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ڈویژن بھرکے اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبرمیں انتظامیہ ، پولیس اور حساس اداروں کے باہمی اشتراک سے نیشنل ایکشن پلان کامیابی سے چل رہاہے جس میں مذیدبہتری کی گنجائش موجودہے ۔

جن اضلاع میں کہیں کمی کوتاہی نظرآئے اسے فوراً ختم کیاجائے اوراس حوالے سے ہر ادارہ اپنی اپنی ذمہ داری مذیداحسن طریقے سے سرانجام دے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس سردارگلفرازخان ، ڈپٹی کمشنرمیرپورچوہدری امجداقبال، ڈپٹی کمشنربھمبرمرزاارشدجرال، ڈپٹی کمشنرکوٹلی سردارعدنان خورشید، ایس ایس پی میرپور راجہ عرفان سلیم، ایس ایس پی بھمبرچوہدری منیرحسین، ایس ایس پی کوٹلی چوہدری محمدامین پاک آرمی اورحساس اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مجموعی طورپرڈویژن بھرمیں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدکے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کوتسلی بخش قراردیاگیااور اس امرکااعادہ کیاگیاکہ کامیابی کے اہداف حاصل ہونے کے باوجود نیشنل ایکشن پلان کوکسی جگہ ڈھیلانہیں پڑنے دیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائے جانے والے قوانین سمیت دیگر قوانین کی عملداری بھی اسی طریقے سے ہونی چاہیے

تاکہ معاشرہ میں عوام الناس سے خوف کی لہردورہوسکے اور وہ حقیقی معنوں میں اطمینان حاصل کرسکیں۔

اجلاس میں ڈویژن بھرمیں اسلحہ لائسنس ڈیلروں کے موجودہ سٹاک کی چیکنگ ، غیررجسٹرڈ افغان باشندوں کے انخلاء ، مہلت یافتہ غیررجسٹرافغان باشندوں جن کا کاروبار وغیرہ ہیں کے انخلاء ، دینی مدارس کی رجسٹریشن ان کے آڈٹ ، نفرت امیز تقاریر، مواد کی اشاعت، لوڈ سپیکرکے استعمال اور وال چاکنگ کے خاتمہ ، این جی اوز کی رجسٹریشن، قانون کرایہ داری کے تحت مالکان بلڈنگ /پراپرٹی کوکرایہ داروں کے کوائف اوررجسٹریشن کروانے ، غیررجسٹرڈ منی چینچراور منی ٹرانسفرکرنے والے دفاتر کے خلاف کارروائی، ہاسٹلز، گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلوں میں مہمانوں کی پڑتال، امن کمیٹیوں کومذیدفعال بنانے ، ایس کام موبائل سمز کی بائیومیٹرک تصدیق، تعلیمی اداروں میں سکیورٹی سسٹم کے لیے انتظامات سمیت دیگرامورپرسیرحاصل گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پی حضرات نے اپنے اپنے اضلاع کے بارے میں پراگرس رپورٹس پیش کیں اور اجلاس میں تینوں اضلاع کے انٹری پوائنٹس پرسیکورٹی سسٹم میں مذید بہتری لانے ، سی سی ٹی وی کیمرہ جات کی پڑتال، پبلک ٹرانسپورٹ میں سفرکرنے والے مسافروں کالاری اڈوں پرڈیٹاداخلی وخارجی راستوں پرجمع کروانے کے عمل میں مذیدبہتری لائی جائے۔

اجلاس میں عوام الناس کونیشنل ایکشن پلان کے سلسلہ میں آگاہی مہم کومذیدتیز کرنے کے لیے پرنٹ والیکٹرانک میڈیاکے کردار کوسراہا گیا۔ اس مقصد کے لیے لوکل کیبل نیٹ ورک پرہونے والے اقدامات سے بھی عوام الناس کوباخبررکھاجائے ۔ اجلاس میں عوام الناس سے کہاگیاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں ٹال فری نمبر1717 اور پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع کریں۔

اجلاس میں تینوں اضلاع میں مختلف پراجیکٹس پرکام کرنے والے غیرملکی باشندوں انجینئرز کی سکیورٹی کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں تینوں اضلاع میں رجسٹرڈ اسلحہ ڈیلروں کی اسلحہ کے سٹاک اور کوٹہ کوریویوکرانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ترقیاتی ادارہ جات ترقیاتی منصوبہ جات کے حوالے سے ٹینڈر وغیرہ میں غیرریاستی بالخصوص افغان باشندوں کومذیدکوئی ٹینڈرنہ دیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہواکہ جس ضلع سے اسلحہ لائسنس جاری ہووہاں سے ہی اس کی تجدید کروائی جائے یاپھردیگر اضلاع میں اسلحہ لائسنس کی تجدید کی صورت میں متعلقہ ضلع کوتجدید کے بارے میں اطلاع کی جائے تاکہ اسلحہ لائسنسوں کی پڑتال میں آسانی پیداہوسکے۔ اجلاس میں رہائشی ایریامیں مختلف قسموں کی اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف اقدامات کرنے کابھی فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں NGOs کی رجسٹریشن اور منی ایکسچینج کی رجسٹریشن کے حوالے سے دی جانے والی مہلت کے خاتمہ کے بعد منی ایکسچینج اور منی ٹرانسفر کے دفاترکوسیل کرنے کافیصلہ کیاگیا۔