مرکزی سیرت کمیٹی نے ”خطباء اہلسنت کنونشن“کااعلان کردیا‘انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں

منگل 10 نومبر 2015 15:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)مرکزی سیرت کمیٹی نے آزادکشمیرمیں پہلی بارضلع مظفرآبادکے علماء کرام کا”خطباء اہلسنت کنونشن“کااعلان کردیاہے۔خطباء کنونشن کے سلسلہ میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔کنونشن 16نومبرکو منعقدہوگاجس میں مظفرآبادشہروجملہ یونین کونسلوں سمیت ‘کھاوڑہ‘تحصیل نصیرآبادپٹہکہ‘گڑھی دوپٹہ‘برارکوٹ کی تمام جامع مساجدکے خطیب حضرات شرکت کریں گے۔

یہ فیصلے مرکزی سیرت کمیٹی کے ایک غیرمعمولی اجلاس میں کئے گئے۔اجلاس کی صدارت مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضانے کی جبکہ اجلاس میں نائب صدرعلامہ محمدپرویزقریشی‘علامہ حافظ ظہوراحمدچشتی‘علامہ آفتاب حسین چشتی‘پروفیسرمیرناظراقبال‘علامہ حافظ منصوراختر‘علامہ حافظ ارشدضیائی‘قاری طارق حسین قریشی ‘حافظ القاری بشارت حسین‘علامہ شجاع الرحمان‘علامہ امتیازعلوی‘علامہ حافظ عبدالوحید‘قاری صہیب احمدساقی‘مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری اطلاعات محمدسفیررضا‘سیدندیم حسین شاہ بخاری،سیدمنظورحسین شاہ ودیگرنے شرکت کی جبکہ انجمن طلباء اسلام کی نمائندگی راجہ ذاکرخان نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضانے کہاکہ مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآبادکے زیراہتمام پہلی بار صرف خطباء حضرات ضلع مظفرآباد کا”خطباء اہلسنت کنونشن“منعقدہورہاہے۔جس کا مقصداہلسنت کے جاریہ کاموں کومربوط کرنا‘باہمی روابط کافروغ‘نیشنل ایکشن پلان کے بعداہلسنت کے مسائل اوران کا حل‘عوام میں دین سے دوری کے رجحانات کاتدارک اوربین المسالک اہم آہنگی کے لئے ماحول سازگاربناناہے۔

انہوں نے کہاکہ ان مقاصد حسنہ کے حصول کے لئے ملت کے ہر فرد کوکردراداکرنے کی ضرورت ہے۔عتیق رضانے کہاکہ خطباء حضرات آج بھی معاشرے کے وہ معززترین اشخاص ہیں اورمنبررسولﷺ کے وارث ہونے کی نسبت سے معاشرے میں بلندمقام رکھتے ہیں‘ تمام لوگ ہرجمعہ کوآپ کے سامنے حاضرہوتے ہیں۔انہوں نے خطباء حضرات سے کہاکہ وہ مسلمانوں کی بہترین راہنمائی اوراپنی عاقبت سنوارنے کیلئے اس تاریخ ساز کنونشن شرکت کریں۔اس حوالہ سے کسی بھی قسم کی مذیدمعلومات کے لئے خطباء اہلسنت کنونشن کی رابطہ کمیٹی سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔