ایم کیو ایم ارکان کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن تیار ہوگیا تھا، متحدہ کی کوئی پیشگی شرط نہیں مانی ‘اسحاق ڈار

منگل 10 نومبر 2015 15:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ ایم کیو ایم ارکان کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن تیار ہوگیا تھا، متحدہ کی کوئی پیشگی شرط نہیں مانی ‘کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ‘ 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس امیروں سے وصول کریں گے ‘آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنا پڑیں گی۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قدر گرنے والی ہے، 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس امیروں سے وصول کریں گے ‘آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنا پڑیں گی۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن تیار ہوگیا تھا لیکن میں نے بیچ میں کود کر حالات کو سنبھالا، بولے کہ مذاکرات میں ایم کیو ایم کی کوئی پیشگی شرط نہیں مانی، کراچی میں جاری رینجرز آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے ٹیکس پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنا پڑیں گی، 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس آئندہ ماہ سے لگیں گے، جو امیروں سے وصول کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2015-16 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس وصولی میں چالیس ارب روپے کی کمی کو پورا کرنے کا واحد راستہ ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ چالیس ارب روپے کے ٹیکس ایسی پر تعیش اشیاء پر لگائے جائیں گے جو امیر افراد استعمال کرتے ہیں اور اس کا اثر غریب اور درمیانے طبقے پر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ 316 ارب روپے سے بڑھا کر سات سو ارب روپے کردیاگیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں کمی کو پورا کرنے کیلئے ترقیاتی فنڈز میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت کے پہلے دو برس کے دوران معاشی استحکام حاصل کرنے کیلئے سخت کوشش کی ہے جس سے عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مہینے عالمی بنک سے پچاس کروڑ ڈالر کی قسط مل جائے گی۔

متعلقہ عنوان :