فہمیدہ مرزا کی سندھ حکومت پر تنقید ، بدین میں بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پر شدید احتجاج

ڈاکٹر عزرا اور نفیسہ شاہ کی فہمیدہ مرزا کے ساتھ جھڑپ

منگل 10 نومبر 2015 15:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن ڈاکٹر عزرا کے مابین ایوان کے اندر شدید جھڑپ ہوئی ہے اور ایک دوسرے پر شدید الزامات کی بارش کر دی ہے ۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ مجھے پیپلزپارٹی اور ڈاکٹر عزرا کے دکھ اور تکالیف اور درس کا احساس ہے لیکن حقائق منظر عام پر ضرور آئیں گے ۔

سابق سپیکر نے بلدیاتی انتخابات کے دوران سندھ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کرانے اور حقائق منظر عام پر لانے کا مطالبہ کر رہی تھیں ان کی تقریر جاری تھی کہ ڈاکٹر عزرا اور نفیسہ شاہ نے بلند آواز میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پر تنقید شروع کر دی جس پر ڈپٹی سپیکر نے انہیں تقریر کے دوران خلل ڈالنے سے روکنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ خیرپور میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کو منظر عام پر لایا جائے ۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ بدین میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں شدید دھاندلی کی گئی اور الیکشن کمیشن شفاف انتخابات بدین میں کرانے میں ناکام ہو گیا ہے ۔ سندھ حکومت بھی اس دھاندلی میں ملوث ہے پارلیمنٹ اس دھاندلی اور کرپشن کا نوٹس لے انہوں نے کہا کہ بدین کے لوگ آر اوز کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔