جیکب آباد خود کش دھماکہ میں ہلاکتوں پر وزیر اعظم اور حکومت نمائندوں کے خبر گیری نہ کرنے پر پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ‘ حکومتی ارکان پی پی پی ارکان کو منا کر واپس لے آئے

منگل 10 نومبر 2015 15:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ارکان کا جیکب آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں اور نقصانات پر وزیراعظم سمیت وفاقی حکومت کے کسی نمائندے کی طرف سے وہاں کا دورہ کرنے اور اظہار یکجہتی نہ کرنے کے خلاف علامتی واک آؤٹ‘ ڈپٹی چیئرمین کی ہدایت پر حکومتی ارکان پی پی پی ارکان کو منا کر واپس لائے۔

(جاری ہے)

اعجاز خان جاکھرانی نے کہا کہ وزیراعظم جیکب آباد میں بم دھماکے کے بعد نہیں آئے ورنہ ہر جگہ جاتے اور معاوضے کا اعلان کرتے ہیں وزیراعلیٰ سندھ زلزلے کے بعد یکجہتی کے لئے کے پی گئے کے پی کے وزیراعلیٰ بھی اظہار ہمدردی کے لئے نہیں آئے ہم وفاقی حکومت کی جانب سے اس ناروا رویے پر ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی کے تمام ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ڈپٹی سپیکر نے حکومتی ارکان کو ناراض اپوزیشن ممبران کو منانے بھیجا حکومتی ارکان کے منانے پر پی پی پی ارکان علامتی واک آؤٹ کے بعد ایوان میں واپس آگئے۔