چیئر مین سینٹ کا وقفہ سوالات کے دور ان متعلقہ وزراء کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار ‘احتجاجاً اجلاس ملتوی کر دیا

منگل 10 نومبر 2015 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)چیئر مین سینیٹ میاں محمد رضا ربانی نے وقفہ سوالات کے دور ان متعلقہ وزراء کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً اجلاس پندرہ منٹ کیلئے ملتوی کر دیا اور کہا ہے کہ وزرا صرف وزیر اعظم کے سامنے حاضری لگوانے کے چکر میں ہیں ‘آئندہ ایوان میں حاضرنہ ہونیکی صورت میں سخت آرڈرزجاری کیے جائیں گے۔

سینٹ میں وقفہ سوالات کے دور ان متعلقہ وزراء کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہاکہ سینٹ کا جلاس پندرہ منٹ کیلئے ملتوی کیا گیا ہے اور یہ وزراء کی عدم حاضری پر احتجاجاً ملتوی کیا ہے ایوان میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد آئے اور بتایا کہ انہیں وزیر اعظم نے بلالیا تھا جس پر چیئر مین سینٹ نے کہاکہ وزراء صرف وزیر اعظم کے سامنے حاضری لگوانے کے چکر میں ہیں آئندہ ایوان میں حاضرنہ ہونیکی صورت میں سخت آرڈرزجاری کیے جائیں گے انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں آنا زیادہ ضروری ہے یاوزیر اعظم کے سامنے حاضر ہونا ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سینٹ نے وزارت پانی و بجلی کے متعلق سوالات سے متعلق جواب کے لئے وفاقی وزیر پانی و بجلی اور وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی عدم موجودگی پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس وزیر کے بھی سوالات ہوں انہیں ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنانی چاہیے۔ اس سلسلے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔چیئرمین نے کہا کہ وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب وضاحت کے ساتھ آنا چاہیے اس سلسلے میں ویب سائٹ کا حوالہ دینا ٹھیک نہیں ہے۔

پارلیمنٹ کو اس طرح کے جواب نہیں دیئے جاتے۔ انہوں نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی کو ہدایت کی کہ متعلقہ افسر کو معطل کرکے ایوان میں رپورٹ پیش کی جائے۔ بعد ازاں سینٹ میں وزارت پانی و بجلی سے متعلق سوالات موخر کردیئے گئے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی اور وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی عدم موجودگی کے باعث ان سوالات کو موخر کر دیا گیا۔