امریکہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

منگل 10 نومبر 2015 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو نہ ہی مسئلہ افغانستان حل ہوگا اور نہ ہی جنوبی ایشیاء میں امن قائم ہو گا۔پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر امریکی وزارت خارجہ کی اعلی عہدیدار لیزا بوزینس سے اپنی رہائش گاہ پر ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی حکام کو بتایا کہ کشمیر ایک طویل عرصہ سے اپنی آزادی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور بھارت کی سات لاکھ فوج کی درندگی کے باوجود جمہوری انداز میں اپنی تحریک چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن اگر بھارتی افواج کی طرف سے یہی جبر و استبداد جا ری رہا تو کشمیر ی مزاحمتی تحریک شروع کر سکتے ہیں جو کسی کے حق میں بھی اچھا نہیں ہو گا۔مودی کے بھارت میں برسر اقتدار آنے سے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں دوبارہ جمہوری تحریک کا آغاز ہو چکا ہے بلکہ سارے بھارت کی اقلیتیں بھی اپنے آپکو غیر محفوظ سمجھنا شروع ہو گئی ہیں بالخصوص بھارت کے پچیس کروڑ مسلمان بھی پریشانی سے دوچا ر ہیں اور وہ بھارت کے خلاف علم بغاوت بلند کر سکتے ہیں۔

لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ دے ورنہ یہ ذہن میں رکھے کہ پاک، بھارت کے درمیان بات چیت کا سلسلہ بھی بند ہے جو کہ انتہائی خطرناک بات ہے۔ اسی طرح پاکستا بھارت مذاکرات میں کشمیری عوام کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکے۔