بھارتی وزیر اعظم کا رویہ انتہائی خطرناک ،انتہاء پسندانہ ہے ، بیرسٹر سلطان محمود

منگل 10 نومبر 2015 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا رویہ انتہائی خطرناک ہے اور یہ اس حد تک انتہاء پسندانہ ہے کہ بھارت کی اقلیتیں اور کشمیری اپنی جگہ خود بھارت کے ہندوو بھی مودی کاساتھ چھوڑ رہے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ سیکولر ازم کا شیرازہ بکھرنے کو ہے اور مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت انٹرنیشنل کمیونٹی میں پیچھے چلا گیا ہے بلکہ دنیا سے کٹ کر رہ گیا ہے۔

مودی کے دورہء برطانیہ کے موقع پر 12 نومبر کو برطانوی وزیر اعظم کی رہائشگاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پر مودی کی آمد پرایک زبردست مظاہرہ کیا جائے گا اور وہ برطانیہ میں جہاں جہاں بھی جائے گا اسکا تعقب کیا جائے گا کیونکہ وہ ایک جارح اور دہشت گرد ہے اوراسے دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر تین روزہ دورہء پر برطانیہ روانگی سے قبل اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پچھلے سال لندن ملین مارچ اور اب گذشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ملین مارچ سے مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل کمیونٹی بہتر انداز میں سمجھنا شروع ہو ئی ہے۔لہذا ہم عالمی برادری سے کہیں گے کہ وہ واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرے کیونکہ مودی کے عزائم انتہائی خطرناک ہیں جو کہ نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پچاس سے زائد برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے برطانوی وزیر اعظم کو ایک یاداشت پیش کی ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ مودی سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیں جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ بھی مودی کے کرتوتوں کو ناپسندیدگی سے دیکھتے ہیں۔