Live Updates

کراچی،بلدیاتی الیکشن کے لیے ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے امیدوار میدان میں اتاردئیے

منگل 10 نومبر 2015 16:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) بلدیاتی الیکشن کے لیے ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے امیدوار میدان میں اتاردئیے، کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے مضبوط اور نامی گرامی امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی میں ہونے والے الیکشن پرتمام سیاسی جماعتوں کی نظریں مرکوز ہیں، مختلف جماعتوں نے نامی گرامی امیدوار بھی سیاسی اکھاڑے میں اتار دیئے ہیں۔

کراچی کی میئرشپ کا حصول شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کے لئے ایک انار سو بیمار کا معاملہ بن چکا ہے۔ کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے مضبوط اور نامی گرامی امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر لائنز ایریا سے چیئرمین کی سیٹ پر انتخابات لڑ رہے ہیں جبکہ انہیں میئرشپ کے لئے بھی ایم کیو ایم کا مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے، ایم کیو ایم کے ریحان ہاشمی اور زریں مجید ڈپٹی میئر کے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

نارتھ ناظم آباد سے چیئر مین کے امیدوار جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان میئر شپ کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف علی زیدی کو میئر کراچی کا امیدوار تصور کر رہی ہے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی ڈویڑن کے صدر نجمی عالم کو میئر کا امیدوار نامزد کیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف عوامی نیشنل پارٹی انتخابات میں تو بڑھ چڑھ کر حصہ لی رہی ہے تاہم اس کی جانب سے میئر کے لئے کوئی نام سامنے نہیں آ سکا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات