سول حکومتوں پربلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے الزامات عائد کرنے والوں کومنہ کی کھانی پڑی ہے،نثار احمد کھوڑو

منگل 10 نومبر 2015 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات و تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سول حکومتوں پربلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے الزامات عائد کرنے والوں کومنہ کی کھانی پڑی ہے۔کراچی اور حیدر آباد کے میئر کا دعویٰ کرنا قبل از ووقت ہے ۔ووٹرز جس جماعت کو اکثریتی بنیاد پر منتخب کریں گے میئر اسی جماعت کا ہوگا ۔

ووٹ ڈالتے وقت پولنگ اسٹیشن کے اندرسیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا مطالبہ درست نہیں ہے ۔ذوالفقارمرزا نجی فورس کے ذریعہ لوگوں کومارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں،قانون نافذ کرنے والے ادارے دھمکیوں کا نوٹس لیں۔وہ منگل کو اے این ایف اسپتال کے دورے کے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ دورے کے دوران اے این ایف کے بریگیڈیئر افضل نے صوبائی وزیر کواسپتال کے امورکے حوالے سے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پہلی مرتبہ سول حکومت میں جماعتی بنیادوں پرانتخابات ہورہے ہیں۔سول حکومتوں پربلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے الزامات عائد کرنے والوں کومنہ کی کھانی پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالتے وقت پولنگ اسٹیشن کے اندرسیکورٹی اہلکارکی تعیناتی کا مطالبہ درست نہیں ہے ۔ کسی ضلع یا پولنگ اسٹیشن کوحساس قراردینا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اورحیدرآباد کے مئیرکا دعوی کرنا قبل ازوقت ہے۔ ووٹرزجس جماعت کواکثریتی بنیاد پرمنتخب کریں گے مئیراسی جماعت سے ہوگا۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ذوالفقارمرزا نجی فورس کے ذریعہ لوگوں کومارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں،قانون نافذ کرنے والے ادارے دھمکیوں کا نوٹس لیں۔اگروفاقی حکومت نے ذوالفقارمرزا کوپروٹوکول دے رکھا ہے تو خون خرابے کی ذمہ داروفاقی حکومت ہوگی۔

جوش خطابت میں حدیں پارکرنا ذوالفقارمرزا کی عادت بن چکی ہے ۔ سندھ حکومت کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔اس لیے کوئی پھنے خان بننے کی کوشش نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے مریضوں کے علاج کے لیے اے این ایف کے تحت چلنے والے اسپتال کے معاہدے میں30 برس تک توسیع کردی ہے۔اسپتال کے توسط سے نشے کے عادی 16 ہزارنشے کے عادی مریضوں کا علاج کیا گیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں نشے کے عادی بچوں اورخواتین کے علاج کے لیے نیا بلاک قائم کیا جائے گا،جو 48 بیڈ پرمشتمل ہوگا ۔اے این ایف اسپتال کوسالانہ پانچ لاکھ روپے گرانٹ دی جاتی ہے،جس میں اضافہ کیا جائے گا۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں 16 لاکھ نشے کے عادی مریض ہیں۔صوبے کے ہرضلع میں نشے کے عادی مریضوں کے لیے ری ہیبلیٹیشن سینٹرقائم کیے جائیں گے ۔