کراچی میئرشپ، بلدیاتی الیکشن تیسرے مرحلے میں ہوں گے ،سیاسی سرگرمیوں میں تیزی

منگل 10 نومبر 2015 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی میں ہونے والے الیکشن پرتمام سیاسی جماعتوں کی نظریں مرکوز ہیں، مختلف جماعتوں نے نامی گرامی امیدوار بھی سیاسی اکھاڑے میں اتار دیئے ہیں۔کراچی کی میئرشپ کا حصول شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کے لئے ایک انار سو بیمار کا معاملہ بن چکا ہے۔

کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے مضبوط اور نامی گرامی امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر لائن ایریا سے چیئرمین کی سیٹ پر انتخابات لڑ رہے ہیں جبکہ انہیں میئرشپ کے لئے بھی ایم کیو ایم کا مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے، ایم کیو ایم کے ریحان ہاشمی اور زریں مجید ڈپٹی میئر کے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نارتھ ناظم آباد سے چیئر مین کے امیدوار جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان میئر شپ کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف علی زیدی کو میئر کراچی کا امیدوار تصور کر رہی ہے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم کو میئر کا امیدوار نامزد کیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف عوامی نیشنل پارٹی انتخابات میں تو بڑھ چڑھ کر حصہ لی رہی ہے تاہم اس کی جانب سے میئر کے لئے کوئی نام سامنے نہیں آ سکا ہے۔

متعلقہ عنوان :