سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 30 رنز سے ہرا دیا،آئی لینڈرز کو دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل،کالی آندھی 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 185 رنز پر آؤٹ،فلیچر کی 57 رنز کی دھواں دار اننگز ناکافی ثابت،سینانائیکے کی 4 وکٹیں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

منگل 10 نومبر 2015 17:38

سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 30 رنز سے ہرا دیا،آئی ..

پالے کیلی ۔10 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 نومبر۔2015ء) سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 30 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ آئی لینڈرز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، ہدف کے تعاقب میں کالی آندھی کے بلے بازوں نے سرتوڑ کوشش کی تاہم سری لنکن باؤلرز نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا اور پوری ٹیم آخری اوور کی پانچویں گیند پر 185 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اینڈر فلیچر کی دھواں دار اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، فلیچر نے 25 گیندوں پر 6 فلک شگاف چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی تھی، ساچھترا سینا نائیکے نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سینانائیکے کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

پالے کیلی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈین قائد ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر215 رنز بنائے، تلکارتنے دلشان 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوسل پریرا 40 اور شیہان جے سوریا 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دنیش چندیمل 40اور اینجیلومیتھیوز 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کیرن پولارڈ نے 2 اور سنیل نارائن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں کالی آندھی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور کی پانچویں گیند پر 185 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اینڈر فلیچر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تاہم ان کی اننگز ناکافی ثابت ہوئی، کیرن پولارڈ 26، ڈیوائن براوو 24، سنیل نارائن 23، جانسن چارلس صفر، مارلون سیموئلز 10، اینڈر رسل 16، کپتان ڈیرن سیمی 3، جیس ہولڈر 2 اور جیروم ٹیلر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ساچھترا سینانائیکے نے 4 جبکہ لاستھ مالنگا اور سری وردنہ نے دو، دو چمیرا اور جے سوریا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :