جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی انتظامیہ کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی کے معاملات طے پا گئے ہیں،سعید اجمل

منگل 10 نومبر 2015 17:41

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی انتظامیہ کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی کے معاملات طے ..

فیصل آباد۔10نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 نومبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی سعید اجمل نے کہا ہے کہ ان کے اور جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی انتظامیہ کے مابین کرکٹ اکیڈمی کے تمام معاملات افہام و تفہیم سے طے پا گئے ہیں جس کے تحت سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اکیڈمی آنے والے تمام کھلاڑیوں کو خصوصی کارڈز جاری کئے جائیں گے اور کرکٹرز و یونیورسٹی انتظامیہ کے تحفظات دور کر کے اکیڈمی کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ان کے اور وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان سمیت دیگر انتظامی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تمام تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے اور جو معاملات زبانی طے ہوئے ہیں انہیں اتوار کے روز ایم او یو کی صورت میں سائن کر دیا جائے گا جبکہ اس موقع پر ایک کرکٹ میچ بھی منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

کرکٹ اکیڈمی میں سینکڑوں طلباء اور نوجوان کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں جن کے لئے گراؤنڈ کی مینٹیننس کا خرچہ کم از کم پانچ سے چھ لاکھ روپے ماہانہ ہے۔

اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں سے فی کس 2ہزار روپے ماہانہ فیس کی وصولی کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں تاہم پندرہ بیس کھلاڑی جو افورڈ کر سکتے ہیں وہ ماہانہ ایک ہزار روپے فیس جمع کرواتے ہیں لیکن ان کیلئے بھی فیس جمع کروانے کی کوئی سخت شرط عائد نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ اکیڈمی نوجوانوں کیلئے ہے جسے نوجوانوں کے تعاون سے ہی چلایاجائیگا ۔

سعید اجمل نے کہاکہ اکیڈمی میں تمام غریب و امیر نوجوان برابر کی تربیت حاصل کرکے ملکی کرکٹ میں اپنا نام پیدا کرسکتے ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر فیصل آباد نورالامین مینگل نے کہاکہ یہ امر خو ش آئند ہے کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں تمام امور باہمی افہام و تفہیم سے طے پاگئے ہیں ۔سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی کیلئے زمین استعمال میں لاسکتے ہیں جبکہ اس ضمن میں زرعی یونیورسٹی ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔کرکٹ اکیڈمی کانام سعید اجمل کے نام پر ہی رہے گا تاہم اس کے امور چلانے کیلئے ایک مینجمنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :