الیکشن کمیشن نے دارلحکومت اسلام آباد میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

منگل 10 نومبر 2015 17:41

اسلام آباد ۔ 10 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دارالحکومت اسلام آباد میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت عوامی عہدہ رکھنے والی شخضیات یونین کونسلوں کا دورہ نہیں کر سکیں گی۔ یہ فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے کہ یونین کونسلوں اور آئی سی ٹی میں وارڈز کے انتخابات آزادانہ اور شفاف ہوں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاق کی تمام انتظامی اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے لئے سرکاری وسائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی کسی خاص امیدوار یا سیاسی جماعت کے حق میں اثر و رسوخ استعمال ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

اگر کوئی اپنی سرکاری حیثیت میں انتخابی نتائج پر کسی طور اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015ء کے سیکشن 60 کے تحت کارروائی ہوگی۔

ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اجراء کے بعد سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلے پر پابندی ہوگی۔ انتخابی شیڈول کے اجراء کے بعد صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر، وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، وزیراعظم کے مشیران اور عوامی عہدے کی حامل دیگر شخصیات کسی ادارہ کو کوئی عطیہ دینے، اپنی پسند کے امیدوار کی انتخابی مہم کے لئے ترقیاتی منصوبہ کے اعلان، افتتاح یا کوئی وعدہ نہیں کر سکیں گے جو کسی طرح انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوتا ہو۔ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی عوامی عہدیدار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔