جواں سال لڑکی کو اغواء کرنے والے ملزمان کو حراست میں لینے والے ٹریفک سیکٹر لوئر مال کے اہلکارو ں کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ کا اعلان

منگل 10 نومبر 2015 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے چونگی امرسدھو سے اغواء ہونے والی لڑکی صدف کو برآمدکرکے 2ملزمان کو حراست میں لینے والے ٹریفک سیکٹرلوئر مال کے انچارج سمیت تین اہلکاروں کو شاباش اور2/2ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وارڈنزدوران ڈیوٹی فرض شناسی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کی مدد اور راہنمائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کی مدد اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلا رہی ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹر لوئر مال کے انچارج رانا طارق ٹریفک اہلکاروں حسن اور اختر کے ہمراہ پٹرولنگ کررہے تھے کہ انہوں نے میٹرو پل کے قریب ایک لڑکی اور دو لڑکوں کو آپس میں جھگڑتے ہوئے دیکھا ۔

(جاری ہے)

ٹریفک اہلکاروں نے قریب جا کر دریافت کیا تو لڑکوں کے بیانات مشکوک لگے بعدازاں لڑکی نے بتایا کہ اسکا نام صدف اقبال ہے اور وہ چونگی امرسدھو کی رہائشی ہے آج اسکے والدین کسی رشتہ دارکی فوتیدگی پر قصور گئے ہوئے تھے کہ یہ دونوں محلے دار ظہیر اور شاہد اسکے ورغلا کر اغواکرکے لے آئے۔

ٹریفک اہلکاروں نے ذمہ داری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں کو تھانہ بھاٹی گیٹ کے سب انسپکٹر اولاد حسین کے حوالے کردیا ۔چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے فرض شناسی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے ٹریفک انسپکٹر سمیت تینوں اہلکاروں کو شاباش دی نقد انعام اور سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے