بیلا روس کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی ،پاکستان اور بیلا روس مابین تعاون کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری میں فروغ کیلئے پرعزم ہے

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا پاکستان بیلا روس بزنس فورم سے خطاب

منگل 10 نومبر 2015 18:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بیلا روس کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے کر جائے گا،پاکستان اور بیلا روس کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری میں فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ وہ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان بیلا روس بزنس فورم سے خطاب کر رہے تھے۔

بزنس فورم میں بیلا روس کے وزیراعظم آندرے کوبیکوف اور تاجروں کے وفد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مشیر خارجہ سرتاج عزیزنے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بیلا روس کے وزیراعظم اور ان کے وفد کا دورہ پاکستان پر مشکور ہوں،بیلا روس کے وزیراعظم کادورہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے کر جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نجی شعبہ روزگار کے مواقعے پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان اور بیلا روس کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ مشیر خارجہ نے کہاکہ بیلا روس جغرافیائی لحاظ سے اہم تجارتی روٹ پر واقع ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری میں فروغ کیلئے پرعزم ہے۔