دوکانداروں نے 2 جعلی پرائس کنٹرول آفیسر زپکڑ کر لئے ،درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا

کینٹ تحصیل کے افسران کی ایماء پر دوکانداروں سے پیسے بٹورتے تھے ‘گرفتار ملزمان کا دعویٰ،اصلی چالان بکس بھی قبضے میں لے لی گئی

منگل 10 نومبر 2015 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) شمالی چھاؤنی کے علاقے میں دوکانداروں نے 2 جعلی پرائس کنٹرول آفیسر پکڑ ز لئے ،درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا،گرفتار ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ کینٹ تحصیل کے افسران کی ایماء پر دوکانداروں سے پیسے بٹورتے تھے ۔بتایا گیا ہے کہ شمالی چھاؤنی کے علاقے میں عرفان اور قاسم نامی دو افراد جعلی پرائس کنٹرول آفیسر بن کر دوکانداروں کو ڈرا دھمکا کر ان سے پیسے بٹورتے تھے۔

گزشتہ روز جب دونوں حسب معمول دوکانداروں کو ڈرا دھمکا کر پیسوں کا مطالبہ کر رہے تھے تو شک گزرنے پر دوکانداروں نے دونوں کو قابو کر لیا اور ان پر تھپڑوں ، گھونسوں اور لاتوں کی بارش کر دی اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ملزمان کا کہنا تھا کہ وہ کینٹ تحصیل کے افسران کی ایماء دوکانداروں سے پیسے بٹورتے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب تحصیل دار رانا شاہد اور دیگر تحصیل انتظامیہ بھی پہنچ گئے اور دوکانداروں سے ملزمان کو معاف کرنے کی اپیل کرتے رہے۔

دوکانداروں کا کہنا تھا کہ اسی دوران نائب تحصیلدار رانا شاہد نے اصلی چالان بکس بھی اپنے قبضے میں لے لیں اور پولیس کے حوالے نہیں کیں۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر نائب تحصیلدا ر رانا شاہد کوئی بھی واضح موقف دینے میں ناکام رہے اورکبھی وہ دونوں ملزمان کو اپنا کلیریکل سٹا ف بتاتے رہے اور کبھی کہتے کہ یہ دونوں چپڑاسی ہیں اور آخر میں انہیں پرائیوٹ لوگ قرار دے دیا۔شمالی چھاؤنی پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :