ممتاز حسین رہائی تحریک کے سلسلہ میں لانگ مارچ کی تیاری کیلئے لبیک یا رسول اﷲ ﷺ کنونشنز کے انعقاد کا شیڈول جاری

منگل 10 نومبر 2015 19:59

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) دو سو سے زائد سنی تنظیموں اور روحانی خانقاہوں کے سربراہوں کے ملک گیر اجلاس میں ممتاز حسین قادری کی رہائی کی تحریک کے سلسلہ میں لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کی بھر پور تیاری کیلئے آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں میں لبیک یا رسول اﷲ ﷺ کنونشنز کے انعقاد کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

اجلاس کی صدارت تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کی اس موقع پر فدایان ختم نبوت کے سربراہ شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی، عالمی تنظیم اہلسنت کے امیر پیر محمد افضل قادری، تنظیم المدارس کے سرپرست اعلیٰ پیر سید حسین الدین شاہ، مرکزی جماعت اہلسنت کے ناظم اعلیٰ سیدعرفان شاہ مشہدی، جمعیت علما ء پاکستان کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، تنظیم المدارس کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ عبد المصطفیٰ ہزاروی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ناموس رسالت اور دیگر دینی اقدار کی حفاظت کیلئے قربانیاں دینے پر حلف لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تحریک رہائی ممتاز حسین قادری کو ملک بھر میں مزید منظم کیا جائیگا۔ اس موقع پر حکومت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش پر بھی سنجیدگی سے غور کیا گیا اور تحریک کے سربراہوں کو مذاکرات کرنے اور ’’ لاہور تا اسلام آباد کل پاکستان لبیک یارسولﷺ لانگ مارچ‘‘ کا پروگرام مرتب کرنے کا اختیار دیا گیا جبکہ ملک بھر کے علماء و مشائخ ، دینی مدارس ،تنظیمات اہلسنت کی طرف سے لانگ مارچ کے سلسلہ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔اجلاس میں قراردادیں بھی منظور کی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :