عوامی فلاح وبہبودکیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ معاون خصوصی شکیل ایڈوکیٹ

منگل 10 نومبر 2015 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی شکیل خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے اور انکی حالت زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے موثراقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں موجودہ حکومت کی تمام کوششیں سیاسی وابستکیوں سے بالاتر ہے جبکہ عوامی فلاح و بہبودکیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں اورکسی بھی یونین کونسل کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹ خیلہ ملاکنڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کی ترقی تعلیم اور صحت مند ماحول کی مرہون منت ہے اور اس مقصد کیلئے پی ٹی آئی حکومت حقیقی معنوں میں صوبے کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ان میں مثبت تبدیلیاں لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

شکیل خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بہتر طرز حکمرانی اور کرپشن جیسی لعنت کے خاتمے کیلئے حکومت نے جو اقدامات اٹھائے ہیں آج مخالفین بھی ان کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کے مفادات عزیز ہیں جس کیلئے بلا امتیاز کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقے میں ترقیاتی کاموں کسی پر احسان ہر گز نہیں ہے اور قومی وسائل عوامی فلاح و بہبود کیلئے استعمال میں لائینگے۔