پاکستان اور بیلارس کے درمیان تجارتی تعلقا ت کے فروغ کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اور بیلارس چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 10 نومبر 2015 21:12

اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء)پاکستان اور بیلارس کے درمیان تجارتی حجم کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بیلارس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جو باہمی تجارتی و معاشی تعلقات کے حوالے سے ایک بہت اہم پیش رفت ہے جبکہ اس اہم موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور بیلارس کے وزیراعظم آندرے کوبیاکوف بھی موجود تھے۔

لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد اور بیلارس چیمبر کے چیئرمین ایم میاٹلیکوف نے اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی کی۔ مفاہمتی یادداشت کی رو سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بیلارس چیمبر دوطرفہ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تجارتی معلومات کا تبادلہ، نمائشوں، تجارتی میلوں، سیمینارز اور ورکشاپ کا انعقاد اور تجارتی وفود کا تبادلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ بیلارس روایتی منڈی نہ ہونے کی حیثیت سے پاکستانی مصنوعات کے لیے وسیع گنجائش رکھتی ہے جس سے برآمد کنندگان کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بیلارس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مفاہمتی یادداشت بہت دورس نتائج کی حامل ہوگی ، اس سے پاکستانی مصنوعات کی بیلارس مارکیٹ تک بھرپور رسائی کی راہ ہموار ہوگی۔

شیخ محمد ارشد نے کہا کہ پاکستان کے تعمیرات اور توانائی سمیت دیگر بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں جن سے بیلارس کے تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے، بیلارس پاکستان کی معیشت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے دونوں ممالک کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ باہمی روابط کو فروغ دیں تاکہ وہ دونوں ممالک میں پائے جانے والے تجارتی مواقعوں سے آگاہ رہ سکیں۔ شیخ محمد ارشد نے پاکستان اور بیلارس کے تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم نواز شریف کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔