پرویز مشرف کی قابلیت اورصلاحیت سے ملک مستفیدہوگا،موروثی سیاست اورجعلی حکومت کاانجام برسراقتدارٹولے کی دہلیز تک آپہنچا ہے

آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے چیف ایڈوائزر چودھری الطاف کا اے پی ایم ایل کی ورکنگ کمیٹی کے ارکان سے خطاب

منگل 10 نومبر 2015 21:14

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ ہمارے قائد پرویز مشرف کی قابلیت اورصلاحیت سے پاکستان مستفید ہوگا۔ پرویز مشرف عوام کومنظم اورمتحدکرنے کیلئے اپنابھرپورکرداراداکررہے ہیں،متحدہ مسلم لیگ کے قیام کافائنل راؤنڈ شروع ہوگیا ہے۔

تخت لاہورکوپاکستان کی سا لمیت اورقومی حمیت پرحملے کاحق کس نے دیا۔موروثی سیاست کے بل پرپاکستان کویرغمال بنانے والے دوخاندانوں سے نجات ناگزیر ہوگئی ہے ۔ شریف برادران کے حق میں کوئی ٹیبل سٹوری جعلی اقتدار کے سورج کوغروب ہونے سے نہیں بچاسکتی۔پاکستان میں عوام کوشعبدہ بازی اورشوبازی سے عارضی طورپربیوقوف بنایا جاسکتا ہے مگر ترکی اورچین کے باشعورعوام اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہوتے ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو اے پی ایم ایل کی ورکنگ کمیٹی کے ارکان سے خطاب کررہے تھے۔چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ حکمران دھڑلے سے دھونس جماتے اور دھاندلی کرتے ہیں ، موروثی سیاست کاانجام برسراقتدارٹولے کی دہلیز تک آپہنچا ہے۔ نام نہاد ترقیاتی پیکیج کی آڑ میں انتخابی کامیابی کیلئے سیاسی رشوت کابازار گرم کیاجاتا ہے۔میاں نوازشریف کاحالیہ دورہ لودھراں انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خوف ورزی تھا مگرالیکشن کمشن سے کسی ایکشن کی امید نہیں کی جاسکتی ۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے پاکستان میں کوئی آئینی ادارہ نااہل حکمرانوں کوبدعنوانی اور قانون شکنی سے روکنے کی پوزیشن میں نہیں ،عام لوگ انصاف کیلئے کس سے رجوع کریں۔حکمران بھائیوں کے شخصی فیصلے بار بار پاکستان کوبندگلی میں لے جاتے ہیں،انہوں نے مشاورت کوتوہین سمجھ لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران یادرکھیں ان کی برائی کسی صورت اچھائی پرغلبہ نہیں پاسکتی ۔پرویز مشرف کے حامی مادروطن کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے دوقومی نظریے اورتحریک قیام پاکستان کے شہیدوں کامذاق اڑایا،ان سے اس ہرزہ سرائی کاحساب ضرورلیا جائے گا۔