حکومت زلزلہ متاثرین کی شکایات کے ازالہ کیلئے تیز رفتار اقدامات کرے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

عوام کے مسائل حل کرکے جمہوریت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے، قومی اثاثے فروخت کرنے کی پالیسی عوام دشمنی پر مبنی ہے‘صاحبزادہ حامدر ضا

منگل 10 نومبر 2015 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بہار الیکشن کے نتائج مودی کیلئے نوشتہء دیوار ہیں، بہار میں ذلت آمیز شکست پر مودی اپنی انتہا پسندانہ پالیسیوں سے رجوع کریں، برفباری نے زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، حکومت زلزلہ متاثرین کی شکایات کے ازالہ کیلئے تیز رفتار اقدامات کرے،حکمران طبقات اپنے اثاثے ملک میں لائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرکے جمہوریت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ قومی اثاثے فروخت کرنے کی پالیسی عوام دشمنی پر مبنی ہے۔ حکومت آئی ایم ایف سے وفا اور غریب عوام سے جفا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی اداروں کو سیاست زدہ کرکے کھوکھلا کر دیا گیا ہے۔ لوٹوں اور کھوٹوں کو سیاست بدر کرنا ہوگا۔

وفد کی قیادت پیر طارق ولی چشتی کررہے تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان کو نظام مصطفی کا گہوارہ بناکر دم لیں گے۔ نظام مصطفی ہی قوم کے ہر دکھ کی دوا ہے۔ مسلم حکمران انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ پالیسیاں بنائیں۔ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خون ریزی روکنے کیلئے فوج تعینات کی جائے۔ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :