بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کا موثر ذریعے ہیں ،میر محمد عاصم کرد گیلو

شہری و دیہی علاقوں کی سطح پر عوام کے مسائل ان کے گھر کے دہلیز پر بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں ، رہنماء ن لیگ بلوچستان

منگل 10 نومبر 2015 21:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن)کے صوبائی رہنماء سابق وزیر خزانہ بلوچستان و ایم پی اے میر محمد عاصم کرد گیلو نے کہاہے کہ بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل کا موثر ذریعے ہیں ۔شہری و دیہی علاقوں کی سطح پر عوام کے مسائل ان کے گھر کے دہلیز پر بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں ۔ڈھائی سال مکمل ہونے پر مری معاہدہ پر اگلے مہینے عملدرآمد ہونے جارہاہے جس کے بعد ہمارا پہلا اقدام صوبے میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلانا اور ان کے فنڈز میں اضافہ کرنا ہے ۔

بلدیاتی نمائندوں کو ان کی توقعات سے بڑھ کر اختیارات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر چیئرمین مشک سرآپ میر راوت خان زہر ی کی قیادت میں آل بلوچستان متحدہ یونین کونسل ایکشن کمیٹی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیرمین مستونگ میر بلال کرد حاجی فاروق شاہوانی میر محمد حنیف روستم زئی جمیل احمد مشوانی میر علی اکبر زہری بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ(ن)کے رہنماء میر محمد عاصم کرد گیلو نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کو حق ملنا ان کا حق ہے جب انہیں اختیارات تفویض ہونگے اور ان کے پاس فنڈز دستیاب ہونگے تب جا کر وہ اپنے علاقوں میں مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔بلدیاتی نمائند ے جس اختیار کا مطالبہ کررہے ہیں انہیں یہ اختیارات بہت پہلے ملنے چاہئے تھے ۔تاہم بلدیاتی اداروں کو مایوسی کرنا پڑا یہی وجہ ہے کہ یونین کونسل اور ٹاؤن کی سطح تاحال عوامی مسائل حل طلب ہیں ۔

بلدیاتی نمائندے حوصلہ رکھیں انہیں نہ صرف اختیارات دیئے جائیں گے بلکہ ان کی بھر پور مالی معاونت بھی کی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ دنیاء میں بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہی عوامی مسائل حل کئے جاتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے وہاں عوامی زندگی کافی بہتر ہے ۔ اس سے قبل مشک سرآپ کے چیئرمین میر راوت خان زہری نے ایم پی اے میر محمد عاصم کرد گیلو کو بلدیاتی نمائندوں کے مطالبے سے تفصیلاً آگاہ کیا ۔