Live Updates

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امیدواروں نے مزار قائد پر کراچی کو امن و محبت کا گہوارہ بنانے کا حلف اُٹھا یا

منگل 10 نومبر 2015 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے نامزد امیدوار وں نے گزشتہ روز مزار ِ قائد پر جمع ہو کر اﷲ تعالی اور کراچی کے عوام کو گواہ بنا کر حلف اُٹھایا کہ انتخابات میں کامیاب ہو کر شہر کو امن و محبت کا گہوارہ بنا ئیں گے اور ایسا شہر بنائیں گے جہاں مائیں اپنے جگر گوشوں کو بے خوف و خطر گھروں سے باہر بھیجیں ،جہاں تاجروں اور دوکانداروں کو بھتے کی پرچیاں نہ ملیں ۔

تعمیر و ترقی اور تہذیب و شائستگی جس شہر کی پہچان ہو ،جہاں فیکٹریوں اور کارخانوں میں زندہ انسانوں کو جلا یا نہ جائے ۔کراچی کی ایک بیٹی نے امیدواروں سے حلف لیا اور تمام امیدواروں نے ہاتھ اُٹھاکر حلف لیا ۔تقریب حلف برداری میں کراچی بھر سے چیئر مین و وائس چیئر مین کے نامزد امیدواروں سمیت بڑی تعداد میں کونسلرز شریک تھے ۔

(جاری ہے)

شر کاء نے فاتحہ خوانی بھی کی ۔

اس مو قع پر شر کاء نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ بھی پڑ ھا اور فضاء میں سفید غبارے اور کبوتر اُڑائے گئے ۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور تحریک انصاف کراچی کے صدر سید علی زیدی کے علاوہ شہرِ کراچی کی ایک خاتون نے ماں کی حیثیت سے خطاب کیا ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء فردوس شمیم نقوی ،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی ،مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،ضلعی امراء حافظ عبد الواحد شیخ ،یونس بارائی ،عبد الرزاق خان ، منعم ظفر خان ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی مو جود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہمار عزم ہے اورآج ہم عہد کر تے ہیں کہ اس شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔اس کی رونقیں اور اس کا تشخص بحال کریں گے ۔اس شہر کو ایسا شہر بنائیں گے جس کی تعمیر و ترقی کی مثال دی جاسکے ۔جماعت اسلامی اور تحریک انصاف میں نو جوانوں کی بڑی تعداد ہے اور ہم نے انتخابات کے لیے جن امیدواروں کو نامزد کیا ہے ان میں بھی نو جوان بڑی تعداد میں شامل ہیں ۔

ہمار اتحاد شہر کے اندر سے خوف کا ماحول دورکر ے گا اور ہم ان شاء اﷲ ایک بار بھر اس شہر کو پر امن اور خوشحال شہر بنائیں گے ۔جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد کراچی کے عوام کی خواہشات کا مظہر ہے اور ان کے لیے بہتر اور روشن مستقبل کی نوید ہے ۔کراچی اگر ایک مرتبہ پھر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے ۔پورے ملک کی تعمیر و ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان گھر گھر جاکر عوام سے رابطہ کریں اور ان کو یہ پیغام پہنچائیں کہ 5دسمبر کا دن ان کے لیے ایک سنہری مو قع ہے کہ وہ کراچی کے اندر جاری 30سالہ بدترین دورکو ختم کردیں ۔سید علی زیدی نے کہا کہ گزشتہ 30سال میں کراچی کے اندر بڑا ظلم ہو ا ہے ۔کراچی کے عوام کو دھوکہ دیا گیا اور شہر یوں کے مسائل حل کر نے کے بجائے بڑ ھا دیئے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کر نے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون توڑنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کریں ۔الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔شہر کراچی کی ایک ماں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ماں اور اپنے بچوں کے مستقبل اور کراچی کے امن کے لیے پریشان ہوں ۔میں چاہتی ہوں کہ یہ شہر ہمیشہ کے لیے پر امن ہو جائے اور میرے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو جائے ۔ماں نے کہا کہ کراچی کے حالات بر سوں سے ابتر ہیں ۔ہماری سڑ کوں کی حالت اور صفائی ستھرائی کا نظام خراب ہے اب وقت آگیا ہے کہ حالات درست کیے جائیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات