راولپنڈی اسلام آباد میں (کل) سے راولپنڈی اسلام آباد میں پاسپورٹ گھروں میں فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان

ماضی میں نہ صرف غیرملکیوں کوشناختی کارڈ جاری کئے گئے بلکہ انہیں نادرا میں بھرتی کیا گیا ،چودھری نثار

منگل 10 نومبر 2015 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء)وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے راولپنڈی اسلام آباد میں (کل) بدھ سے راولپنڈی اسلام آباد میں پاسپورٹ گھروں میں فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ چار ماہ بعد ملک بھر میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری شروع ہوجائے گی،ماضی میں نہ صرف غیرملکیوں کوشناختی کارڈ جاری کئے گئے بلکہ انہیں نادرا میں بھرتی کیا گیا میں اب بھی کرپشن کیخلاف کارروائی سے مطمئن نہیں ہوں ،چاہتاہوں کہ جتنی تیزی سے کرپشن پھیلی اتنی تیزی سے ختم ہونی چاہیے،ملک بھرمیں بین الاقوامی معیار کے میگاسنٹر قائم کئے جائیں گے، ہم نے حرام کھانے والوں کاراستہ روکنا ہے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔

بدھ کو نادرا ہیڈ کوارٹر میں بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے آن لائن اوریجن کارڈ کے اجراء اور راولپنڈی اسلام آباد میں ہوم ڈیلیوری پاسپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ ہم پاکستانیوں کیلئے آسانیا ں پیدا کرناچاہتے ہیں روز اول سے میری کوشش رہی ہے کہ شناختی کارڈ اورپاسپورٹ کے حوالے سے عوام کو سہولتیں دی جائیں ہم نے تمام مقاصد حاصل کرلئے ہیں اگلے چھ سے آٹھ مہینوں میں ا یک بڑی تبدیلی نظر آئے گی اورسہولتیں عوام استعمال کرسکیں گے ماضی میں غیرملکیوں کوشناختی کارڈ دیئے گئے اورنادرا میں بھی غیرملکی بھرتی کئے گئے نادرا میں کرپٹ لوگ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں میں ان اداروں سے کچھ نہیں مانگتا صرف یہ ڈیمانڈ ہے کہ ادارے کو مکمل طورپر کرپشن سے پاک کردو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے شاختی کارڈ اورپاسپورٹ میں مافیا ختم کرنے کی کوشش کی ہے شناختی کارڈ کیلئے ا ندرون وبیرون ملک آن لائن درخواستیں چار ماہ پہلے متعارف کروائیں جس کابہت اچھا رد عمل آیا ہم دورافتادہ علاقوں میں بھی آن لائن شروع کرینگے اور مارچ تک مکمل آن لائن سسٹم لاگو ہوجائے گا انہوں نے کہاکہ اب نیشنل بنک کی تمام380 برانچیں پاسپورٹ فیس وصول کررہی ہیں دوسرے مرحلے میں لوگ موبائل بنکنگ کے ذریعے اپنی پاسپورٹ فیس جمع کرائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اب راولپنڈی اسلام آباد میں پاسپورٹ ایکسپریس کے ذریعے ہوم ڈیلیوری کی جائے گی جس کا آغاز(آج) بدھ سے ہوگا جبکہ اگلے چارماہ میں ملک بھر میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بین الاقوامی معیار کے پاسپورٹ اورشناختی کارڈ میگا سنٹر قائم کئے جائیں گے ہم نے حرام کھانے والوں کاراستہ روکنا ہے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنی ہیں عوام کو لائنوں میں کھڑا کرکے تنگ کرنے کاسلسلہ ختم ہوجائے گا اس کام میں آٹھ سے دس ماہ لگیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اوریجن کارڈ اورفیملی رجسٹریشن بھی آن لائن ہوگی ہم ویزا دینے کے عمل کو بھی آن لائن کررہے ہیں اور یہ کام جلد شروع ہوجائیگا ماضی میں پاکستان کیلئے لاکھوں ویزے دیئے گئے ایک سیکشن افسر ویزا کوبدعنوانی پرجیل بھیجا گیا اور نوکری سے برطرف کیا گیا وزیرداخلہ نے کہاکہ میں وزیراعظم سے کہتا ہوں کہ ہم عوام کو بجلی نہیں دے سکتے مگر انہیں بنیادی کاموں کیلئے سہولتیں فراہم کریں اور انہیں لائنوں سے نجات دلائیں تاکہ چڑچڑے پن کا خاتمہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ جنوری میں میگاسنٹرز کاقیام ہوجائے گا ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاسپورٹ ڈیلیوری کا کام ٹی سی ایس کو اوپن ٹینڈر کے ذریعے دیا گیا ہے پاکستان پوسٹ اس میں کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔ تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے122 میں ووٹوں کی منتقلی کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نادرا ہیڈ کوارٹر اس تاریخی بلڈنگ میں واقع ہے جہاں1973ء کا متفقہ آئین منظور ہوا اس اسمبلی میں ذوالفقارعلی بھٹو،مولانا مفتی محمود، مولانا شاہ احمدنورانی اوردیگر قائدین بیٹھے تھے میں 1985ء میں رکن منتخب ہوا اور اس اسمبلی میں بیٹھا۔

انہوں نے کہاکہ نادرا ایک قومی ادارہ ہے جھوٹ اورالزام تراشی کی حد ہوتی ہے اس وقت کوئی نہیں بولا جب نادرا کوریکروٹنگ کے طورپراستعمال کیا گیا جب افغانیوں ،بنگالیوں اور انڈین کوشناختی کارڈ جاری کئے گئے لیکن جب اب نادرا کو صحیح معنوں میں قومی ادارہ بنایاجارہا ہے اوراس کے چیئرمین کومیرٹ کی بنیاد پرلگایا گیا ہے گزشتہ چند ماہ میں198 لوگ کرپشن اور جعلسازی کی بناء پر نادرا سے نکالے گئے بار بار الزام لگانے والی جماعت عوام اورعدالتوں میں بھی الزام کوثابت کرنے میں ناکام رہتی ہے نادرا کو بین الاقوامی ٹینڈر مل رہے ہیں وہ ایک قومی ادارے کو کیوں موردالزام ٹھہرارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ووٹوں کے ٹرانسٹر کاکام الیکشن کمیشن کا ہے اورلوگ ذاتی مقاصد کیلئے نادرا کو بدنام کررہے ہیں دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ایسے لوگوں کو سچ بولنے کی توفیق دے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے نادرا کی ویب سائٹ پرغلط فون نمبر کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس کو فوری طورپر دیکھاجائے اور بدھ کی صبح مجھے رپورٹ پیش کی جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ماضی میں نادرا میں تقریباً سات ہزار افراد کو سیاسی بنیادوں پربھرتی کیا گیا ہے ہم نے گزشتہ دومہینوں سے مانیٹرنگ سسٹم شروع کیا ہے جس کے تحت نادرا دفاتر میں کام کیلئے آنیوالوں کے وقت کو دیکھا جارہا ہے اب ہم نے نیاسسٹم شروع کیا ہے جس کے تحت جلد کام کرنیوالے ملازمین کواضافی مراعات دی جائیں گی جبکہ تاخیر کرنیوالوں کی تنخواہوں سے رقوم منہا کی جائیں گی انہوں نے کہاکہ ماضی میں ہزاروں جعلی کارڈ بنائے گئے اب ہم ایسے کارڈ کو بلاک کررہے ہیں 85 ہزار کارڈ بلاک ہوچکے ہیں۔