بیلاروس کے وزیر اعظم کی سردارایاز صادق سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال دوبارہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، پاکستان کیساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، آندرے کوبیکوف

منگل 10 نومبر 2015 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے بیلاروس کے وزیر اعظم آندرے کوبیکوف سے منگل کو اسلام آباد میں ملاقات میں کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، اقتصادی وسفارتی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیلاروس کے وزیر اعظم آندرے کوبیکوف نے بیلاروس اور پاکستان کے مابین سفارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا دوبارہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ ان کا دو تہائی سے زائداکثریت سے منتخب ہونا اس امرکا اظہار ہے کہ پاکستان کی پارلیمان ان پر بطور سپیکران پر بھر پور اعتماد کرتی ہے اورپاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لئے ان کے کردار کی معترف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ بیلاروس کی پارلیمان پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش رکھتی ہے اور پارلیمانی سفارتکاری کا حصہ بننا چاہتی ہے ۔

انہوں نے اراکین پارلیمان کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تجارتی برادری مسلسل رابطے میں ہے اور مختلف تجارتی معاہدے بھی تشکیل پا چکے ہیں۔ وزیر اعظم بیلاروس نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی عوام اور حکومت کی طرف سے مہمان نوازی پرشکریہ ادا کیا۔

سپیکرسردار ایاز صادق نے کہا پاکستان بیلاروس کو انتہائی اہم دوست ملک سمجھتا ہے اور پارلیمانی و معاشی تعلقات کو فروغ دیکر دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بیلاروس کے مابین کثیر جہتی تعلقات کے فروغ میں سیاسی اور تجارتی شعبوں میں سرگرمیاں بہت اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کومضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی پارلیمان سر گرمی سے کوشاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پربھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :