نیب کا کرپشن کے خلاف موسیقی و شاعری مقابلہ، سینکڑوں طلبہ کی شرکت

پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کے تعاون سے کرپشن کے خلاف بچوں اور نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی

منگل 10 نومبر 2015 22:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء)پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کے تعاون سے نیشنل اکاونٹبلیٹی بیورو لاہور کے بینر تلے کرپشن کے خلاف موسیقی اور شاعری کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب بھر کے مختلف سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ موسیقی کے مقابلے کا انعقاد ادارہ علوم ابلاغیات کے حمید نظامی ہال میں ہوا۔

جس میں منصفین کے فرائض موسیقی کے استاد اور میوزیکالوجی ڈیپارٹ منٹ کے سر براہ اسرارچشتی ، ادارہ علوم ابلاغیات کے موسیقار علی حسن سونو ، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب سے احمد خان ، یونیورسٹی آف لاہور سے فیصل احمد اور سن رائز سکول فار بلائنڈ ٹرسٹ کے ماسٹر سید فرخ حسین شاہ نے ادا کیے۔

(جاری ہے)

موسیقی کے مقابلوں میں کالج اور یونیورسٹی لیول سے کل 34 طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔

گورنمنٹ کالج لاہور کے اسیس ارشد نے پہلی، اور اسد علی نے دوسری جبکہ پنجاب کالج کی زینب رحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سکول لیول کے مقابلے میں ایم سی بوائز روڈ کوٹ قصورسے جاوید علی نے پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رسول پور قصور کی رمشاء صابر نے دوسری اور گورنمنٹ ایم جی ایچ سکول باغبانپورہ لاہور سے القدر بٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلے کے فاتحین کو نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آگاہی و روک تھام ونگ میجر غلام رسول ، ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے اسناد پیش کیں۔اس موقع پر شبیر سرور، نیب کی مس مہوش اور غلام مرتضیٰ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔جبکہ شاعری کے مقابلے کا انعقاد فیض احمد فیض ہال میں ہوا ۔ جس میں مختلف سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹی کے پچاس طلباو طالبات نے شرکت کی۔

پرائمری سکول کی سطح پر D.P.S بوائز جونیئر ونگسز ماڈل ٹاؤن لاہور سے موسیٰ شاکر نے پہلی ، سٹی سکول لاہور سے علیزہ فاطمہ کاظمی نے دوسری ، D.P.S گرلز جونیئر ونگز ماڈل ٹاؤن لاہور سے روشن نظر نے تیسری جبکہ سیکنڈری سکول کی سطح پر اقراء حفاظ سیکنڈری سکول شازل ایمان نے پہلی ، گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائی سکول مصطفی آباد سے ثامن احمد نے دوسری اور گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول بھکر سے عرفان سمیع نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

جبکہ کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر پنجاب کالج لاہور سے شہباز گوہر ، ایگریکلچرل یونیورسٹی فیصل آباد سے انیق الرحمن اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے فروزہ احمد نے بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔مشائرے کے ججز کے فرائض سیدہ فاطمہ غزل، مقداد اقدس اور مسعود ملہی نے انجام دیئے ۔