68 سالوں میں موجودہ حکومت جیسی حکمت عملی ، پالیسیاں اختیار کی گئی ہوتیں تو قوم آج مشکلات کا شکار نہ ہوتی،شہباز شریف

منگل 10 نومبر 2015 22:27

قصور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبا زشریف نے کہا ہے کہ ہم اﷲ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ صرف پانچ مہینے پہلے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر جن تین پاور پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کاحکم دیا گیا تھا آج ان منصوبوں کے آخری پراجیکٹ کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔ یہ بات انہوں نے بلوکی پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ ،وفاقی وزیر خواجہ آصف،سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں،دیگر وزراء اعلیٰ افسران اور اراکین اسمبلی کے علاوہ سرمایہ کاری کرنیوالی کمپنیوں کے نمائندگان بھی موجود تھے وزیرا علیٰ پنجاب نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے ہمیں تین پراجیکٹ لگانے کا حکم دیا تھا گذشتہ مختصر عرصے کے دوران لگائے جانیوالے تینوں پراجیکٹس میں یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے یہاں 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی مجھے کوئی ایک ایسا دن یاد نہیں ہے جب وزیرا عظم کی طرف سے مجھ سے یا متعلقہ وزارت اور اس کام کے لیے بنائی گئی ٹیم سے وزیرا عظم نے رپورٹ طلب نہ کی ہو میاں شہباز شریف نے کہاکہ 2017؁ء تک انشاء اﷲ یہ پراجیکٹ کام شروع کر دے گا اگر وزیر اعظم ان منصوبوں میں دلچسپی نہ لیتے تو ماضی کی طرح یہ منصوبے بھی تعطل کا شکار رہتے انہوں نے کہاکہ حکومت کی دلچسپی اور کم سے کم پیسوں میں بہتر سے بہتر رزلٹ حاصل کرنے کی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ ان منصوبوں سے پاکستا ن کی حکومت کو110 ارب روپے کی بچت ہورہی ہے اگر یہ منصوبے سابقہ پالیسیوں کے تحت شرو ع کیے جاتے تو یہ رقم کسی صورت نہیں بچائی جاسکتی تھی انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ داروں کا حکومت پر کیے جانیوالے اعتماد کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی ٹیم کی نیک نیتی بھی شامل ہے غیر ملکی کمپنیاں بھی موجودہ حکومت پر اس لیے اعتماد کر رہی ہیں کہ انہیں ہماری ایمانداری غیر جانبداری پر مکمل بھروسہ ہے یہ پراجیکٹ پہلے دو پراجیکٹوں کی نسبت نصف قیمت پر لگایا جارہا ہے ،اس سے کسی کی جیب میں کوئی پیسہ نہیں جائے گا اور قومی خزانے کی بچت ہوگی آپ کی لیڈر شپ اور حکومت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ماضی کے 68 سالوں میں اگر موجودہ حکومت جیسی حکمت عملی اور پالیسیاں اختیار کی گئی ہوتیں تو قوم آج کبھی ان مشکلات کا شکار نہ ہوتی ۔

(جاری ہے)

یہ آپ کی بہت بڑی کامیابی ہے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے میں بغیر کسی شک سے یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ عوام نے پہلے مرحلے میں آپ پر جو اعتماد کیا ہے وہ آپ کے منصوبوں پر اعتماد کی غمازی کرتا ہے آپ معیشت کو مضبوط کرتے جائیں وہ جن کی پہلے جیبیں گرم ہوتی تھیں ان کا سلسلہ اب رک چکا ہے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں گذشتہ اڑھائی سالوں کے دوران ایک بار پھر عوام نے2013 ؁ء جیسا بھرپور مینیڈیٹ اس لیے دیا ہے کہ اسے حکومت کی نیک نیتی پر کوئی شبہ نہیں ہے میرا ایمان ہے کہ ہمیں اب صرف کام کام کام ،اور محنت محنت اور محنت کی پالیسی کو سامنے رکھنا ہوگا انہوں نے کہاکہ جب تک یہ منصوبے مکمل نہیں ہوجاتے ہمیں کام کرنا ہوگا،میں پنجاب گورنمنٹ ،وفاقی حکومت کا اور اس پراجیکٹ میں حصہ لینے والے تمام افسران اور دیگر افراد کا مشکور ہوں جنہوں نے اس کے لیے دن رات محنت کی اور مجھے یقین ہے کہ محنت کرنے کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور عوام دیکھیں گے ایک پچھلا دور تھا جب ہر کام ادھورا رہا مگر آپ نے تمام تر مشکلات کے باوجود ،بڑی بردباری اور محنت سے قوم کو روشنیوں کا سفر طے کرنا شروع کیا ہے جوپاکستان کو ترقی اور روشنی کی راہ پر گامزن کر چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :