2017 میں گیس منصوبوں سے پاکستان کے عوام کو 3600میگا واٹ بجلی مل رہی ہوگی،وزیراعظم نوازشریف نے ترقیاتی منصوبوں میں ٹھیکیدار ،سیاستدان اور افسر شاہی کے جیبیں بھرنے کے عمل کا خاتمہ کیاہے ،ملک کی تاریخ میں توانائی منصوبوں کے مراحل کو شفافیت ،لگن اور محنت کے ساتھ تکمیل تک پہنچانے کی کوئی اورمثال نہیں ملتی،بلدیاتی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ(ن) کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کر کے 2013کے انتخابات کی بھرپورتوثیق کی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کا بلوکی میں 1223میگا واٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

منگل 10 نومبر 2015 22:35

لاہو ر( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کی جانے والی شبانہ روز کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں-2017 میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے منصوبوں سے پاکستان کے عوام کو 3600میگا واٹ بجلی مل رہی ہوگی-وزیراعظم محمد نوازشریف کی سربراہی میں موجودہ حکومت نے توانائی منصوبوں کے لئے جتنی محنت کی ہے ،ملک کی تاریخ میں توانائی منصوبوں کے مراحل کو شفافیت ،لگن اور محنت کے ساتھ کام کر کے انہیں تکمیل تک پہنچانے کی کوئی مثال نہیں ملتی-وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گیس کے منصوبوں میں قوم کے 110ارب روپے بچائے گئے ہیں اور یہ تاریخ کی سب سے بڑی قومی خزانے کی بچت ہے،جس پر آپ کی قیادت کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے-بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی شاندار کامیابی بھی آپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے او راس بات کا پیغام ہے کہ ملک کے اندھیرے او رمعیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے آگے بڑھیں- وہ منگل کو یہاں بلوکی میں گیس کی بنیاد پر لگائے جانے والے 1223میگا واٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے-وزیراعظم محمد نوازشریف ،گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ،وفاقی وزراء خواجہ آصف، پرویز رشید، صوبائی وزرا، اراکین قومی صوبائی اسمبلی ، منصوبے پر کام کرنے والی چینی وامریکی کمپنی کے حکام کے علاوہ ماہرین توانائی اور لوگوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالی کا بے پایاں کرم ہے کہ 5ماہ قبل وزیراعظم محمد نوازشریف نے گیس کی بنیاد پر3600میگا واٹ کے جن منصوبوں کی تیاری کا حکم دیاتھا ان میں سے 2منصوبوں پر کام کا آغاز پہلے ہی ہوچکا ہے جبکہ تیسرے منصوبے کا آج بلوکی میں سنگ بنیاد رکھ دیا گیاہے-ان میں سے ایک منصوبہ پنجاب حکومت اپنے وسائل جبکہ 2منصوبے وفاقی حکومت لگا رہی ہے-انہوں نے کہاکہ ہمیں اﷲ تعالی کے حضور سربسجود ہونا چاہیے کہ 5ماہ کی قلیل مدت میں وزیراعظم محمد نوازشریف کے ویژن کو عملی شکل دی گئی ہے-انہوں نے کہاکہ مشکلات ، مسائل اور چیلنجز کے باوجود وزیراعظم نے توانائی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے ، نیلم جہلم کا منصوبہ ہویا تربیلا فور یا پھر کوئی اور توانائی کا منصوبہ -وہ ان منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے خود جائزہ لیتے ہیں اور منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کر رہے ہیں-انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں گیس کے ان منصوبو ں میں 110ارب روپے کی بچت کی ملک کی تاریخ میں کوئی اور مثال نہیں ملتی-یہ بھی حسن اتفاق ہے کہ چین کی کمپنی ہاربن انٹرنیشنل او رامریکن کمپنی جنرل الیکٹرک نے گدو پاور پلانٹ 8لاکھ 34ہزار ڈالر فی میگاواٹ کے حساب سے لگایا تھا او رآج یہی کمپنیاں بلوکی میں گیس کی بنیاد پر 4لاکھ 69ہزار ڈالر فی میگا واٹ سے منصوبہ لگا رہی ہیں جواس بات کا ثبوت ہے کہ ان کمپنیوں اور سرمایہ کارو ں کو وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ جان گئے ہیں کہ محمد نوازشریف کے ہوتے ہوئے کوئی سیاستدان اورافسراپنی جیب گرم نہیں کرسکتابلکہ تمام امور انتہائی شفاف اور پیشہ ورانہ اندازمیں طے ہوتے ہیں-حکومت کی شفاف پالیسی کی بدولت ہی یہ کمپنیاں اتنی کم قیمت پر بجلی کے منصوبے لگانے پر مجبور ہوئی ہیں-اب اسی معیار کو لے کر آگے بڑھنا ہے ،اس معیار کو اب کوئی تبدیل نہیں کرسکے گا-وزیراعظم محمد نوازشریف نے شفافیت اور اعلیٰ معیار کے جو سنہری اصول متعارف کرائے ہیں وہ ان کی پہچان بن چکے ہیں-اگر ماضی میں اسی معیار کو اپنایا جاتا تو ہم آج کشکول گدائی لے کر مارے مارے نہ پھر رہے ہوتے-انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں توانائی منصوبوں میں 110ارب روپے کی بچت بہت بڑی کامیابی ہے اور اس پر ان کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے-وزیراعلی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کر کے 2013کے انتخابات کی بھرپورتوثیق کی ہے اور عوا م نے کھلے الفاظ میں پیغام دیاہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف ملک کے اندھیرے دور کرنے اور معیشت کی ترقی کے لئے آگے بڑھتے جائیں ہم ان کے ساتھ ہیں-انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ترقیاتی منصوبوں میں ٹھیکیدار ،سیاستدان اور افسر شاہی کے جیبیں بھرنے کے عمل کا خاتمہ کیاہے اور بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ(ن) کی شاندار فتح اسی بات کی تائید ہے -یہ بات یاد رکھی جائے کہ اڑھائی برس گزرنے کے بعد اچھی حکومت کی بھی چمک بھی ماند پڑ جاتی ہے لیکن عوام نے بلدیاتی انتخاب میں اس بات کے لئے ووٹ دیاہے کہ آپ توانائی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھتے جائیں ہم آپ کے ساتھ ہیں-ان منصوبوں پراب اسی محنت سے عملدرآمد کرنا ہے جس محنت سے ان منصوبوں کا سنگ بنیادرکھا گیاہے-گزشتہ برس کی مشکلات کے باوجودآپ نے انتہائی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا اور تمام مراحل کو خوش اسلوبی سے لے کر آگے بڑھے ہیں-انہوں نے کہاکہ اب کام ،کام،کام اور محنت ، محنت او ر صرف محنت کے ذریعے توانائی منصوبو ں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے-اپنی نیند کو آنکھوں میں سجائے شبانہ روز محنت کر کے ملک کے اندھیرے دور کرنے ہیں -ہم توانائی بحران کا خاتمہ کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے-یہی بلدیاتی انتخابات میں عوام نے ہمیں پیغام دیاہے-انہوں نے کہاکہ میں گیس کے منصوبوں کے مراحل کی تیز رفتاری سے تکمیل پر وفاقی وزراء ، سیکرٹریز، پنجاب حکومت او رپوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتاہوں جن کی دن رات کی محنت سے ہم یہ مرحلہ طے کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں- انشاء اﷲ منصوبوں پر عملدرآمد کے مراحل بھی اسی طرح مکمل کریں گے-پچھلے دور حکومت ترقیاتی منصوبوں کو ادھورا چھوڑا گیا اور کوئی ایسا منصوبہ نہیں جسے مکمل کیا گیا ہو- وزیراعظم محمد نوازشریف نے مشکلات کے باوجود برد باری ، تحمل اور جہد مسلسل سے مراحل طے کئے اور قوم کو روشنیوں کا سفر تیز رفتاری سے طے کرا رہے ہیں-انشاء اﷲ ہماری کاوشیں رنگ لائیں گی اور ملک سے بجلی کے اندھیرے دور ہوں گے -نیشنل پاور پارکس پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوکی پاور پلانٹ کی تنصیب سے 4لاکھ گھرانوں کی بجلی کی ضروریات پوری ہوں گی ا ور 2کروڑ آبادی کے تمام گھرانے مستفید ہوں گے-انہو ں نے کہاکہ منصوبے میں جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے او راس کی استعداد کار 61.63فیصد ہے-یہ منصوبہ 2017میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا -ایندھن کی مد میں سالانہ 5ارب 80کروڑ روپے جبکہ تعمیراتی لاگت میں 38ارب50کروڑ روپے کی بچت ہوگی -منصوبے سے سستی او رماحول دوست بجلی پیدا ہوگی-زرعی او رصنعتی ترقی کے ساتھ روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے -منصوبے پر کام کرنے والی چائنہ ہاربن انٹرنیشنل کے نائب صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری کمپنی پاکستان میں بجلی کے 9منصوبے مکمل کر چکی ہے -بلوکی پاور پلانٹ کے منصوبے کو بھی برق رفتاری سے مقررہ مدت میں مکمل کریں گے -انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف ، وزیراعلی شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے سر گرم عمل ہے اور ان کی کاوشیں با رآور ثابت ہوں گی-قبل ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلی محمد شہبازشریف نے بلوکی پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا -