وزیر اعظم پاک بحریہ کی مشقوں کا جائزہ لینے آج ایک روزہ دورے پر کراچی آئیں گے

وزیراعظم بحری جنگی جہاز کے ذریعے گہرے سمندر میں جاری پاک بحریہ کی مشق سی اسپارک کا مشاہدہ کریں گے

منگل 10 نومبر 2015 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 2015 کا معائنہ کرنے کے لئے آج(بدھ) کراچی پہنچیں گے۔ وزیراعظم کونیول چیف ایڈمرل ذکااﷲ نے سی اسپارک کا معائنہ کرنے کی دعوت دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف شمالی بحیرہ عرب میں جاری پاک بحریہ کی سب سے بڑی جنگی مشقوں کا معائنہ کرنے کے لئے بدھ کو کراچی کا دورہ کریں گے جہاں پر وہ بحری جنگی جہاز کے ذریعے گہرے سمندر میں جاری پاک بحریہ کی مشق سی اسپارک کا مشاہدہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سرویلنس طیارے اواکس کے ذریعے بھی مشقوں کا بھی معائنہ کریں گے جبکہ نیول چیف ایڈمرل ذکا اﷲ وزیر اعظم کو مشقوں کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔

(جاری ہے)

مشقوں میں پاک بحریہ کے تمام آپریشنل یونٹس بشمول بحری جہاز، آبدوزیں، ائیرکرافٹس، ڈرونز، اسپیشل فورسز اور پاک میرینز سمیت میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، پاک فضائیہ اور پاک فوج بھی حصہ لے رہی ہے۔ مشقوں کا مقصد ہر قسم کے ممکنہ حملے اور خطرات سے نمٹنا ہے جن میں روایتی وغیر روایتی خطرات کے علاوہ سائبر اور انفارمیشن وارفیئر بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں، سمندر میں درپیش غیر روایتی خطرات کے خلاف فوری رد عمل اور ان خطرات سے ساحلی دفاع کی مشق بھی سی اسپارک کا اہم جزو ہیں۔

متعلقہ عنوان :