بی سی سی آئی نے کھلا ڑ یو ں کے لئے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

بدھ 11 نومبر 2015 12:51

بی سی سی آئی نے کھلا ڑ یو ں کے لئے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں سریش رائنا اور رویندرا جدیجا کو شدید دھچکا لگا ہے جہاں نئے سال کے کنٹریکٹ میں دونوں کھلاڑیوں کی ایک درجہ تنزلی کر دی گئی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڑ(بی سی سی آئی) نے نئے سال 2015-16 کے لیے جاری سینٹرل کنٹرکٹ میں مڈل آڈر بیٹسمین سریش رائنا کو'گریڈ بی'اور آل راوٴنڈر جڈیجا کو' گریڈ سی 'میں بھیج دیا ہے جبکہ اجنکیا رہانے کی' گریڈ اے 'میں ترقی ہوئی ہے۔

سریش رائنا گزشتہ سال 15-2014کے کنٹرکٹ میں گریڈ اے میں جگہ پانے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن رواں سال خراب کارکردگی کے باعث بی گریڈ دیا گیا ہے، اس سے قبل انھیں ٹیسٹ میچوں کے لیے بھی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان مہندراسنگھ دھونی، ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی اور اسپنر روی چندرہ ایشون کو اس سال بھی گریڈ میں برقرار رکھا گیا ہے، گریڈ اے میں شامل کھلاڑیوں کو سالانہ ایک کروڑ روپے معاوضہ ملے گا۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی گریڈ بی میں شامل کھلاڑیوں کو 50 لاکھ روپے ادا کرے گا جس میں روہت شرما، امبتی رائیڈو، مرلی وجے، شیکھر دھاون، بھوونیشور کمار، امیش یادو، ایشانت شرما، چتیشور پجارا اور محمد شامی شامل ہیں۔گریڈ سی میں امیت مشرا، اکشر پٹیل، اسٹورٹ بنی، وردھیمان ساہا، موہت شرما، ورون ارون، کارن شرما، رویندرا جڈ یجا، کے ایل راہْل، دھاول کولکرنی، ہربھجن سنگھ اورسری ناتھ اروند شامل ہیں۔ گریڈ سی کے کھلاڑیوں کو 25 لاکھ سالانہ ملیں گے۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ خواتین کھلاڑیوں کو بھی کنٹرکٹ دیا گیا ہے، خواتین کھلاڑیوں کو گریڈ اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے جنہیں بالترتیب 15 اور 10 لاکھ روپے سالانہ معاوضہ دیا جائے گا۔