شامی فوج نے حلب کے فوجی ائیربیس کو داعش کے تسلط سے آزاد کرالیا

بدھ 11 نومبر 2015 13:13

حلب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)شام کی سرکاری فوج نے شمالی صوبے حلب کی ایک بڑی فوجی ائر بیس کو دولت اسلامیہ عراق وشام داعش کے جنگجووٴں کے تسلط سے آزاد کرا لیا ہے۔ داعش نے تقریباً ایک سال سے ائر بیس کا محاصرہ کر رکھا تھا۔موقع پر موجود ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے بتایاکہ شامی فوجیوں کا ایک گروپ خوریز ہوائی اڈے کے مغربی علاقے میں مورچہ زن داعش کے جنگجووٴں کی صفوں کو چیرتا ہوا اندر داخل ہوا، جس کے بعد فوج بیس کے اندر داخل ہوئی۔

(جاری ہے)

شامی فوجیوں نے اس فتح کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی۔شام کے سرکاری ٹی وی نے ہوائی اڈے کے باہر سے اس کامیابی پر براہ راست نشریات پیش کیں اور اس پیش رفت کو بڑی فتح کے طور پر سراہا۔ لائیو کوریج کے دوران دعوی کیا گیا کہ اس کارروائی میں داعش کے متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔یاد رہے کہ خوریز ہوائی اڈے پر پہلے بشار الاسد کے مخالف باغیوں کا قبضہ تھا لیکن 2014 کے موسم بہار سے داعش نے اسے اپنے زیر نگیں کر رکھا تھا۔ائر بیس کے گرد ونواح کے علاقوں میں داعش کے جنگجووٴں کی تاحال موجودگی کی اطلاعات ہیں۔