روس نے واڈا کی جانب سے معطل کئے جانے کے بعد ملک کی ڈوپنگ لیبارٹری کو بند کردیا

بدھ 11 نومبر 2015 14:10

روس نے واڈا کی جانب سے معطل کئے جانے کے بعد ملک کی ڈوپنگ لیبارٹری کو ..

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)روس نے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی(واڈا) کی جانب سے معطل کئے جانے کے بعد ملک کی ڈوپنگ لیبارٹری کو بند کردیا۔روسی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے سربراہ نکیتا کمیوف کے مطابق لیبارٹری کی سرگرمیاں بند کر دی گئی ہیں ‘ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے تمام احکامات کی مکمل تعمیل کی گئی۔روسی ایتھلیٹس پر واڈا کمیشن کی چونکا دینے والی رپورٹ میں منظم ڈوپنگ الزامات کے بعد روس کی جانب سے یہ پہلا دفاعی بیان تھا۔

اس سے قبل کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔نکیتا کمیوف کے مطابق رپورٹ کے ذرائع کی ساکھ پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں کیونکہ جن لوگوں کو شامل کیا گیا ہے وہ خود ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ب ایک ایسے کھلاڑی جس نے کئی دفعہ قانون توڑا ہو اور نااہل ٹھہرا ہو جس کے الفاظ ہمارے الفاظ سے بھاری ہوں تو سوالات تو کھڑے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ روس کھیلوں کو شفاف بنانے کے لیے گامزن تھا اور ایجنسی ان کی سربراہی میں بڑی موثر سرگرمیاں کررہی ہے۔انھوں نے کہاکہ مسائل ہیں تاہم حقائق اور اعداد وشمار بتارہے ہیں کہ روسی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی موثر کام انجام دے رہی ہے ‘ ایجنسی نے دنیا میں سب سے زیادہ افراد کو سزائیں دی ہیں۔واضح رہے دو روز قبل واڈا کے تحقیقاتی کمیشن نے روس میں بڑے پیمانے پر ڈوپنگ اور کرپشن کی نشاندہی کرتے ہوئے روسی ایتھلیٹس کو تمام مقابلوں بشمول 2016 کے اولمپکس گیمز سے بھی معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ روس میں ڈوپنگ کے معاملات حکومت کی رضامندی کے بغیر ممکن نہیں تھے۔