لاہور چیمبر اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا کاروباری شعبے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی غرض سے مل کر کام کرنے پر اتفاق

لاہور چیمبر اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے درمیان اشتراک بہت دور رس نتائج کا حامل ہوگا ،اس سے کاروباری شعبے کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں مدد ملے گی‘ عرفان الٰہی

بدھ 11 نومبر 2015 17:32

لاہور ( (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کاروباری شعبے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی غرض سے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر ، نائب صدر ناصر سعید اور 10رْکنی حکومت ٹیم کے درمیان لاہور چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔

ٹیم کی سربراہی چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجا ب کے چیئرمین سکواڈرن لیڈر عرفان الہیٰ کررہے تھے ۔ اس موقع پر تاجروں کو کمپنی کی تشکیل اور ایل ڈی اے سے متعلق مسائل سمیت بہت سے معاملات زیر بحث آئے۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی سکواڈرن لیڈر عرفان الہیٰ نے کہا کہ لاہور چیمبر اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے درمیان اشتراک بہت دور رس نتائج کا حامل ہوگا اور اس سے کاروباری شعبے کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ صوبائی سطح پر کاروباری شعبے کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔ یہ ترقیاتی پروگرامز اور صوبائی حکومت کے بہت سے ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کی نگرانی کرتا ہے۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نے صنعت و تجارت اور معیشت کی بہتری کے لیے لاہور چیمبر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اشتراک کاروباری شعبے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی جانب بہت اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے حکومتی ٹیم کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پہلے ہی پاکستان میں کاروباری شعبے کے لیے آسانیوں کے متعلق رپورٹ کی تیاری کا عمل شروع کرچکا ہے۔ الماس حیدر نے کہا کہ کاروباری شعبے کے لیے بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کی موجودگی میں معیشت ترقی نہیں کرسکتی لہذا ان چیلنجز کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی لاکر برآمدات کو فروغ دیا جاسکتا ہے لہذا حکوت اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ لاہور چیمبر کی رپورٹ میں تمام معاشی شعبوں کا احاطہ کیا جائے گااور یہ رپورٹ وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور دیگر سرکاری اداروں کو پیش کی جائے گی۔ ناصر سعید نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑ/ کی ہڈی ہے جسے درپیش مسائل حل کرنا اشد ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :