موسم کی تبدیلی کے ساتھ ڈینگی کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ، حکومت پنجاب تدارک یقینی بنائے گی‘لبنیٰ فیصل

کنٹونمنٹ بورڈز لاہور میں یکم جنوری سے اب تک 320 افراد کے خلاف اینٹی ڈینگی ریگولیشن پر ایف آئی آر درج ہوئیں‘ رکن اسمبلی

بدھ 11 نومبر 2015 18:27

لاوہر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) رکن صوبائی اسمبلی لبنی فیصل نے کہا ہے کہکنٹونمنٹ بورڈز لاہور میں یکم جنوری سے اب تک 320 افراد کے خلاف اینٹی ڈینگی ریگولیشن پر ایف آئی آر درج ہوئیں،کنٹونمنٹ بورڈ ز کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کے 11 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں،ہائی رسک اور ریڈ الرٹ ایریاز میں نشاندہی والے مقامات پر ٹارگٹڈ فوگنگ اور سپرے بھی کیا جا رہا ہے،انسداد ڈینگی ٹیمیں ٹیمیں اور متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس یقینی بنائیں اور رہائش گاہوں ،چھتوں،گملوں،تالابوں اور پانی کی سٹوریج یا لیکچ کے امکان والے تمام مقامات پر خصوصی توجہ دیں ،حکومت پنجاب عوامی نمائندوں، تمام متعلقہ محکموں اور معاشرے کے ہر فرد کے تعاون سے اس سال بھی ڈینگی کی روک تھام کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات اے سی کینٹ راؤ امتیاز کے ہمراہ ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کینٹ و کنٹونمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال ،سینئر انٹامالوجسٹ ڈاکٹر انعام الحق ، لاہورکنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندوں،پرنسپلز گورنمنٹ گرلز اسلامیہ کالج کینٹ، گورنمنٹ رابعہ بصری کالج، خواجہ رفیق شہید کالج کے علاوہ محکمہ تعلیم، صحت ،کوآپریٹو، فشریز، ڈی ایچ اے اور آرمی کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ فیصل نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کوہدایت کی کہ گذشتہ سال کے کامیاب طے شدہ لائحہ عمل اور طریقہ کار کواپناتے ہوئے اس سال بھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس یقینی بنائیں اور تعلیمی اداروں میں صفائی،طلبا وطالبات کی آگاہی کے لئے زیروپیریڈز اور سیمینارز کا انعقاد،ہاف بازو شرٹس پر پابندی،ریگولر انسپکشن یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کی غرض سے گھر گھر جاکر حفاظتی تدابیر بارے اقدامات سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہاکہ ہائی رسک ایریاز، قبرستان، پارکوں، تالابوں کے علاوہ ٹائر شاپس، ورک شاپس،پلازوں،دکانوں،پٹرول و سی این جی اسٹیشنز، ہوٹلوں، گوداموں، کمرشل ایریاز میں بھی ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ اقدامات کے پیش نظر باقاعدگی سے سرویلنس یقینی بنائی جارہی ہے۔کسی بھی جگہ سے لاروا ملنے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام سے بھی اپیل کی جائے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔