اقتصادی رابطہ کمیٹی اسٹیل مل ملازمین کی تنخواہوں کی فوری منظوری دے،پاسلو یونین

بدھ 11 نومبر 2015 18:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء )پاکستان اسٹیل ملازمین کی تنخواہوں کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی میٹنگ میں منظوری حاصل کرلی جائے گی ․ حکومت پاکستان اسٹیل میں ہونے والی کرپشن کے ذمہ داروں کے احتساب کیلئے تیار ہے․ یہ بات وزیر نجکاری محمد زبیر نے پاسلو یونین پاکستان اسٹیل کے وفد سے اپنی ملاقات میں کہی ․ وفد کی قیادت پاسلو کے جنرل سیکریٹری ظفر خان نے کی ․ یہ بات ظفر خان جنرل سیکریٹری نے اسٹیل مل میں ہونے والے ہزاروں ملازمین کے اجتماع سے اپنے خطاب میں کہی۔

ظفر خان نے مزید کہا کہ ای سی سی کی میٹنگ میں منظوری کے حوالے سے وزیر نجکاری محمد زبیر کی یقین دھانی پرہمیں اعتبار ہے اس لیئے آج نیشنل ہائی وے کے دھرنے کو موخر کیا جا رہا ہے ․ مگر منظوری میں تاخیر کی گئی اور پاکستان اسٹیل کو تباہی و کرپشن سے دوچار کرنے والوں کا احتساب نہ کیا گیا ، ادارے کو چلانے کے حوالے سے گیس پریشر کی بحالی اور سنجیدہ اقدامات نہ کیئے گئے تو ملازمین انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہونگے۔

(جاری ہے)

حاجی خان لاشاری صدر پاسلو نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاسلو سمیت دیگر یونینز نے سی بی اے کی مدت پوری ہونے پر ریفرنڈمNIRC میں چیلنج کردیا ہے اورجلدہی ریفرنڈم کے انعقاد کیلئے میٹنگ ہوگی۔ انشاء اﷲ ملازمین پاسلو کیساتھ ہیں اور پاسلو ریفرنڈم میں کامیابی حاصل کرکے ادارے اور ملازمین کو بحران سے نکالنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی ۔ اس احتجاجی مظاہرے سے اکبر ناریجو، شوکت کورائی ، تنویر ایوب ، طارق اعوان، صابر شاہ ودیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پی ایف اور گریجوٹی کی مد سے ملازمین کے 45 ارب غیر قانونی طور پر استعمال کیئے جاچکے ہیں جس کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین اپنے واجبات سے محروم ہیں ․ لہذاء فوری طور پر احتساب کے ذریعے لوٹی گئی رقم وصول کرکے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کیئے جائیں۔