پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی تقدیر بدل دے گی، صدر ممنون

پاکستان کے لیے امکانات کی ایک شاندار دنیا منتظر ہے، تقریری مقابلے بعنوان ــ ’’ ایک قوم، ایک منزل‘‘ میں شریک طلباء سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے امکانات کی ایک شاندار دنیا منتظر ہے۔یہ بات صدر مملکت نے 6 ستمبر1965ء کی جنگ کی پچاسویں سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریری مقابلے بعنوان ــ ’’ ایک قوم، ایک منزل‘‘ میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی معیشت کے احیاء کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔

صدرمملکت نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی تقدیر بدل دے گی۔ صدر ممنون نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان خطے کے اہم ترین ملک کے طورپر اُبھرے گا۔ صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں پانچ سو کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا اس کے علاوہ گوادر ڈیپ سی پورٹ اور گوادرمیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ جیسے منصوبوں کا آغار کردیا گیا ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ ملک میں امن وامان کے حوالے سے بھی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ کامیابی سے جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ صدرمملکت نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

صدر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان کرپشن جیسے ناسور کے خاتمے میں ہر اوّل دستے کا کردار اداکریں۔اس موقع پر صدر مملکت نے 6 ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ریاست بنا کر اپنے شہداء اور غازیوں کے خون کی لاج رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :