Live Updates

تعلیم کا فروغ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عوامی فلاح کے اس کام میں تعاون کرنے والے تمام اداروں اور تنظیموں کا خیر مقدم کیا جائیگاصوبائی وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان

بدھ 11 نومبر 2015 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔11 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اورعوامی فلاح کے اس کام میں تعاون کرنے والے تمام اداروں اور تنظیموں کا خیر مقدم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی خوبصورت عمارتوں اور سڑکوں سے نہیں بلکہ معیاری تعلیم سے ہی ہوتی ہے اس لئے ہماری تمام تر توجہ اس اہم شعبے پر مرکوز ہے اور اب تک تعلیم کے شعبے میں نمایاں اصلاحات متعارف کرائے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم حکومت خیبر پختونخوا اور وژن 21 فاؤنڈیشن کے مابین پشاورکے5 پرائمری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ سپیڈ لٹریسی سنٹرز بنانے اورانہیں چلانے کے لئے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پرباتیں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کی جانب سے یادداشت پر ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر اﷲ نواز سومرواوروژن 21 کی جانب سے اس کے ڈائریکٹر خالد ارشاد نے دستخط کئے۔

اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم بھی موجود تھے۔ معاہدہ کامقصد بچوں کو معیار ی تعلیم فراہم کرنا اورزیادہ سے زیادہ آؤٹ آف سکول بچوں کوسکولوں میں لانا ہے مفاہمتی یادداشت کے مطابق وژن 21 فاؤندیشن صوبے کے گرلز اور بوائز سکولوں میں آفٹر نون شفٹس میں سپیڈ لیٹریسی سنٹر ز کھولے گایہ پروگرام طلباء کے لئے مکمل فری ہوگاجبکہ اساتذہ اور دوسرے عملے کو تنخواہیں بھی فاؤنڈیشن دے گا۔

سپیڈ لیٹریسی سنٹرزمیں 20 طلباء کے لئے ایک استاد ہوگا اور اساتذہ کی تربیت بھی فاؤنڈیشن کرے گا۔سپیڈ لیٹریسی پروگرام ملک میں ناخواندگی ختم کرنے کے لئے ترتیب دیاگیا ہے اس کے ذریعے ناخواندہ بچوں کوایک سال میں انگریزی اور اردو لکھانا اور پڑھانا سکھایاجائیگا۔یہ پروگرام بنوں ،راولپنڈی اور اسلام آباد میں کامیابی سے چلاہے اورمختصر مدت میں7سوسے زیادہ بچے اس سے مستفید ہوئے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام علم دوست تنظیمیں آگے بڑھ کر تعلیم عام کرنے کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ صوبے سے ناخواندگی کاخاتمہ ہواورعوام کی محرومیوں کاازالہ ہو۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات