صوبائی وزیر محنت و معدنی ترقی انیسہ زیب طاہرخیلی کی ہندوبرادری کو دیوالی کے تہوار پر مبارکباد

اسلام امن پسند دین ہے جو تمام اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آزادی دیتا ہے، انیسہ زیب طاہرخیلی

بدھ 11 نومبر 2015 21:07

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔11 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کی وزیر برائے محنت و معدنی ترقی انیسہ زیب طاہرخیلی نے ہندوبرادری کو ان کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ اسلام امن پسند دین ہے جو تمام اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آزادی دیتا ہے۔یہ امر نہایت خوش آئند ہے اور دنیا کیلئے پیغام امن ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تمام اقلیتیں خوش اسلوبی کے ساتھ مذہبی تہوار مناتی ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز یہاں سے جاری ہندو برادری کے نام اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا کا واحد دین ہے جو اسلامی ریاست میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ اورمذہبی رسومات کی ادائیگی کی اجازت دیتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اسلام کے زرین اصولوں کے مطابق پاکستان کا آئین ھی اقلیتوں کو نہ صرف مذہبی امور میں آزادی دیتا ہے بلکہ انہیں خوشحالی اور ترقی کے مساوی مواقع بھی فراہم کرتا ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک زندہ علامت ہے ۔انیسہ زیب نے مزید کہا کہ تکریم انسانیت اور رواداری کو فروغ دے کر دنیا کو امن کی آما جگاہ بنایا جا سکتا ہے۔