محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا اور ملٹی نیشنل کمپنی ہواوے کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

بدھ 11 نومبر 2015 21:07

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔11 نومبر۔2015ء) محکمہ سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خیبر پختونخوا اور ملٹی نیشنل کمپنی ہواوے کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔مفاہمت کی یاداشت کی رو سے مذکورہ کمپنی صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے کام کر ے گی۔اس اشتراک عمل کے تحت ہواوے کمپنی صوبے کے مختلف یونیورسٹیوں میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکشین ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد اور طلباء کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرے گی تاکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

ہواوے کمپنی ابتدائی مرحلے میں آئی سی ٹی کے شعبے سے منسلک افراد کو ہواوے سرٹیفیکشین (HUAWEI Certification )کی تربیت فراہم کرے گی جس میں کامیاب ہونے والوں کو کمپنی انٹرن شپ فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

ہواوے کمپنی ـ"خیبر پختونخوا ہواوے سکالرشپ " کے نام سے ایک پروگرام شروع کرے گی جس کے تحت برادر ملک چین میں آئی سی ٹی کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو سکالرشپ دی جائیگی۔

مذید برآں مفاہمت کی یاداشت کی رو سے دونوں فریق آئی سی ٹی کے شعبے میں اشتراک عمل اور تعاون کو مزید فروغ دینے میں بھی کام کرینگے جبکہ ہواوے کمپنی محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کیلئے ایک کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرے گی اور صوبائی حکومت کے مختلف محکموں میں آئی سی ٹی کے موثر استعمال کے ذریعے ان محکموں کی استعدادکار کو بہتر بنانے کیلئے بھی منصوبے شروع کرے گی ۔

مفاہمت کی یاداشت پر دسخط کرنے کی تقریب بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوئی ۔سنئیر صوبائی وزیر برائے صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جس کی موجودگی میں ڈائر یکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا اور ہواوے پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے مفاہمت کی اس یاداشت کو صوبائی حکومت اور ہواوے کمپنی کے درمیان تعاون اور اشتراک عمل کے ایک طویل سفر کا پہلا قدم قراردیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے سال 2016کو ٹیکنالوجی کا سال قرار دیا ہے جبکہ مختلف بین الاقوامی آئی سی ٹی کمپنیوں کو صوبے میں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنے کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں اور ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جسے صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے انہیں مالی طور پر بااختیار بنانے میں مدد ملیگی،صوبے میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اورحکومت محکموں کی استعداد کارکو بڑھانے میں مدد ملیگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہب بنانا چاہتی ہے اسکے لئے محکمہ انفارمشین ٹیکنالوجی نے مختلف پروگرام شروع کر رکھے ہیں گزشتہ سال سوک ہیکا تھان Civic Hacathon کا کامیاب انعقاد اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔صوبے میں دوآئی ٹی پارکس بنائے گئے ہیں جبکہ دو اور آئی ٹی پارکس بنانے پر کام جاری ہے جبکہ تمام اضلاع کی سطح پر آئی ٹی لیبارٹریاں قائم کی جارہی ہے۔

صوبائی حکومت کے ان تمام اقدامات کے مثبت نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہونگے اوروہ دن دور نہیں جب یہ صوبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بن جائیگا۔شہرام ترکئی نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں بہتر فیصلہ سازی اور پالیسی سازی کیلئے حکومت کے پاس صحیح اورحقائق پر مبنی معلومات کا ہونا نہایت ضروری ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر ممکن نہیں اور یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت تمام محکموں میں آئی سی ٹی متعارف کرانے پر توجہ دے رہی ہے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں منیجنگ ڈائریکٹر ہواوے پاکستان نے صوبے میں آئی سی ٹی کے فروغ کیلئے موجودہ صوبائی حکومت ک اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بین الاقوامی کمپنیوں کو یہاں سرمایہ کاری کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔ اس لئے ہواوے نے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر یہاں پرکام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہواوے کمپنی دیگر شعبوں میں بھی صوبائی حکومت کے ساتھ اشتراک عمل اور تعاون کو بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :