پنجاب کے شہروں کو محفوظ بنانے کے لئے چینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا

چینی کمپنی پنجاب آئی ٹی بورڈ کو مختلف شہروں میں انٹی گریٹڈکمانڈ کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سسٹم کے قیام میں تکنیکی معاونت فراہم کریگی

بدھ 11 نومبر 2015 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء ) پنجاب کے مختلف شہروں کو دہشت گردی اور جرائم سے محفوظ بنانے کے لئے حکومتِ چین کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ روزچین کی سرکاری کمپنی سی ای ٹی سی انٹرنیشنل اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے مابین ایک معاہدہ طے پا یا۔ معاہدے پر چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف اور چین کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ IIکے جنرل مینجر مسٹر تیان تاؤ بن نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی موجودگی میں دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت سی ای ٹی سی کمپنی پنجاب آئی ٹی بورڈ کو پنجاب کے منتخب شہروں میں پولیس کے انٹی گریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سسٹم کے قیام میں ہر قسم کی تکنیکی و فنی معاونت فراہم کر ے گی۔ ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب آئی ٹی بورڈ قبل ازیں لاہور پولیس کے لئے یہ نظام وضع کر چکا ہے جس کے تحت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف شعبوں کو جدید ٹیکنالوجی سے مربوط کر دیا جاتا ہے اور وہ ایک اکائی کی طرح کام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں میں یہ نظام قائم کرنے کے لئے زیادہ وسائل اور فنی معاونت کی ضرورت تھی جسے چین کی مایہ ناز بین الاقوامی کمپنی پورا کر ے گی۔ مسٹر تیان تاؤ بن نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کو خوشی ہو گی کہ ہم پاکستان کے ساتھ اس جنگ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کے شہروں میں امن قائم ہو گا تو اس کی معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

متعلقہ عنوان :