Live Updates

موجودہ حکومت کسانوں کے دکھ اور درد کو اپنا سمجھتی ہے،انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے 341 ارب روپے کے کسان پیکیج پر تیزی سے عمل کر رہی ہے، مونجی اور کپاس کے چھوٹے کاشتکاروں کی مالی امداد کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سستے داموں کھاد بھی فراہم کی جا رہی ہے ،حقدار کو اسکا حق پہنچانا ہمارا فرض ہے اور آخری حقدار تک امدادی رقم پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ساہیوال میں چھوٹے کاشتکاروں میں 5 ہزار روپے فی ایکڑ کے ریلیف پیکیج کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 23:17

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کسانوں کے دکھ اور درد کو اپنا سمجھتی ہے،انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے 341 ارب روپے کے کسان پیکیج پر تیزی سے عمل کر رہی ہے، مونجی اور کپاس کے چھوٹے کاشتکاروں کی مالی امداد کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سستے داموں کھاد بھی فراہم کی جا رہی ہے ،حقدار کو اسکا حق پہنچانا ہمارا فرض ہے اور آخری حقدار تک امدادی رقم پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

وہ بدھ کویہاں جناح ہال میں کسان پیکیج کے تحت مونجی اور کپاس کے چھوٹے کاشتکاروں میں 5 ہزار روپے فی ایکڑ کے ریلیف پیکیج کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید ،اراکین اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ ، چوہدری محمد اشرف ،محمد ارشد ملک ، چوہدری محمد ارشد جٹ ،محمد ارشد خان لودھی ‘پیر خضر حیات شاہ کھگہ اورمسلم لیگی راہنما چوہدری محمدماجدعلی نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار وزیر اعظم نے کسانوں کے نقصان کو کم کرنے کیلئے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جس کے تحت صرف پنجاب میں 40 ارب روپے کی خطیر امدادی رقم بانٹی جا رہی ہے جس میں آدھا حصہ وفاقی حکومت اور آدھا حصہ صوبائی حکومت ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکیج کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 97 کروڑ روپے چھوٹے زمینداروں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں جس میں سے ضلع ساہیوال میں 30 کروڑ روپے ،ضلع پاکپتن میں 52 کروڑ اور ضلع اوکاڑہ میں 17 کروڑ روپے شامل ہیں ۔

وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دیہی عوام کی زندگی میں انقلاب لانے اور ترقی اور خوشحالی کیلئے خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام بھی شروع کیا ہے جس کے تحت پورے صوبے میں کھیت سے منڈیوں تک کارپٹڈ روڈز تعمیر کی جائیں گی تا کہ کسان اپنی اجناس ضائع کیے بغیر منڈیوں تک پہنچا سکیں ۔اس پروگرام کے تحت اس سال صوبہ بھر میں 50 ارب روپے جبکہ صرف ضلع ساہیوال میں90 کروڑ روپے سے سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیہی عوام کو بیماریوں سے بچانے کیلئے انہیں صاف پانی مہیا کرنے کے ایک میگا پروگرام پر بھی عمل شروع کر دیا ہے جسکے تحت 15 ارب روپے کی لاگت سے صرف دیہاتوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کا خادم بن کر ان کے مسائل حل کریں کیونکہ عوام نے ہی انہیں یہ بھاری ذمہ داری سونپی ہے ۔

اگلے الیکشن میں صرف انہی اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دیے جائیں گے جو عوامی مسائل حل کرنے میں صحیح معنوں میں دلچسپی لیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پچھلے 68 سالوں میں غریب آدمی کو جی بھر کر لوٹا گیا اور ہر شعبے میں کرپشن کی گئی جسے روکنا بھی ہم سب کا فرض ہے اور ہماری سیاست یہ ہونی چاہیے کہ غریبوں کی خدمت کی جائے اور ان کے سر پر دست شفقت رکھا جائے ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو صحیح معنوں میں عوام کے خادم ہوں ،سڑکین بنائیں تو امین بن کر بنائیں اور اگر ادویات خریدیں تو پوری دیانتداری سے خریدیں ۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ قانون کی عملداری کو مضبوط کرنے سے ہی ملک سے بیروزگاری اور غربت ختم ہو گی اور پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے گا ۔

اس سے پہلے اراکین اسمبلی چوہدری محمد اشرف اور محمد ارشد ملک نے وزیر اعلیٰ کو خوش آمدید کہا اور ضلع میں ریکارڈترقیاتی کام کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈی سی او آصف اقبال چوہدری نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 20 ہزار 273 زمینداروں کو ریلیف پیکج کے تحت امداد فراہم کی جائے گی جس پر 30 کروڑ 29 لاکھ روپے خرچ ہوں گے اور ان میں سے 7 ہزار 962 کا تعلق تحصیل ساہیوال اور 12 ہزار 311 کا تحصیل چیچہ وطنی سے ہے ۔پہلے مرحلے میں 1080 کاشتکاروں کو چیک دیے جا رہے ہیں جن میں سے اب تک 696 کو ادائیگی کی جا چکی ہے ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات