ایف پی سی سی آئی کو کسی کے گھر کی لونڈی بننے کی اجازت نہیں دی جائیگی ‘ بزنس مین پینل

الزامات اور جھوٹ کی سیاست کرنیوالوں کا مقصد خدمت نہیں ادارہ پر قبضہ کرنا ہے ‘ زکریا عثمان ‘ میاں زاہد حسین اور انجم نثار کا مشترکہ بیان

بدھ 11 نومبر 2015 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) بزنس مین پینل کے نائب صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بزنس مین پینل ملک میں صنعتی ترقی ‘ تاجروں کے مسائل کا حل اور بروقت ریفنڈ کی ادائیگی کا ایجنڈا لیکر بزنس کمیونٹی کے پاس جا رہی ہے ۔ بدھ کو مشترکہ بیان میں بزنس مین پینل کے نائب صدر میاں زاہد حسین ‘ پنجاب ریجن کے چیئرمین انجم نثار اور زکریاعثمان نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی سب سے بڑی آرگنائزیشن وفاقی ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کو کسی کے گھر کی لونڈی بنانے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور نہ ہی یہ بزنس کمیونٹی کے مفاد میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی 2015ء میں بزنس کمیونٹی کے مسائل اور مشکلات کے خاتمے سمیت ریفنڈ کی واپس میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پر فرد واحد نے قبضہ جمانے کیلئے صدر کو بھی بے اختیار کرکے رکھ دیا ہے ۔ ایسی صورتحال میں ادارہ مفلوج ہو جاتا ہے اور وہ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم الزامات کی سیاست نہیں کرتے اور نہ ہی بزنس مین پینل کا یہ شیوا ہے ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور پوری بزنس کمیونٹی کو ساتھ لیکر مسائل کیلئے جدوجہد کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے بزنس مین پینل نے سینیٹر حاجی غلام علی کو نامزد کیا جن کا گزشتہ دور صدارت شاندار دور رہا اور انہوں نے اپنے دور صدارت یں ملک اور بزنس کمیونٹی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام جس کو نہ صرف بزنس کمیونٹی نے سراہا بلکہ بزنس کمیونٹی کی شاندار خدمات پر حکومت پاکستان نے ستارہ امتیاز سے بھی نواز ۔

زکریا میاں زاہد حسین ‘ انجم نثار نے مزید کہا کہ بزنس مین پینل کا صدارتی امیدوار ایک وسیع تجربہ رکھنے کیساتھ ساتھ نڈر و بے باک اور بے پناہ صلاحیتوں کا مالک ہے اور صوبائی حکومتوں سمیت وفاقی حکومت میں ایک خاص مقام رکھتا ہے جو نہ صرف بزنس کمیونٹی کیلئے نیک شگون ہے بلکہ ان کے مسائل کے خاتمے میں بھی اہم کردار اداکریگا ۔ انہوں نے کہا کہ الزامات اور جھوٹ کی سیاست کرنے والے اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ختم ہو کر رہ جائیں گے کیونکہ انکا مقصد خدمت نہیں بلکہ ادارے پر قبضہ جمانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں بزنس کمیونٹی ‘ چیمبرز ‘ ایسوسی ایشنز اور ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو و جنرل باڈی ممبران امیدوار کو پرکھ کر اپنا ووٹ دینگے اور اسی امیدوار کو کامیاب کرائینگے جو ایک وسیع تجربہ ‘ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمے اور ملکی معیشت کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہو ۔ انہوں نے کہا یہ ملک اور ادارے کی بدقسمتی ہے کہ بی یو جے نے کوئی بھی کاروبار نہ کرنے والے کو ایک بہت بڑے ادارے کی صدارت کیلئے امیدوار نامزد کرکے بزنس کمیونٹی کیساتھ گھناؤنا مذاق کیا ہے لیکن بزنس کمیونٹی سے اس قسم کا گھناؤنا مذاق کرنے والے خود مذاق بن کر رہ جائیں گے ۔