صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، عبدالمالک بلوچ

صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح گوادر میں بھی ترقیاتی عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 11 نومبر 2015 23:22

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح گوادر میں بھی ترقیاتی عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں فقیر کالونی میں چائنا فاؤنڈیشن برائے امن و ترقی کی گرانٹ سے قائم کئے جانے والے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے پرائمری سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یہ سکول چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے، جس میں تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وفاقی وزیر احسن اقبال، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن چین کے وائس چیئرمین وانگ شی تاؤ اور چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے ترقیاتی منصوبوں کی ابتداء گوادر میں شعبہ تعلیم کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے سے کی جا رہی ہے، جو کہ ایک نیک شگون ہے، یہ منصوبہ چین کی جانب سے گوادر کے عوام کے لیے عظیم تحفہ ہے، جس سے پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوگی، انہوں نے کہا کہ گوادر میں تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ یہاں کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے جس سے ترقیاتی عمل پر ان کا اعتماد مستحکم ہو گا، وزیراعلیٰ نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ سکول کی تعمیر میں ایسی منصوبہ بندی کی جائے کہ مستقبل میں اسے ہائی سکول کا درجہ دیا جا سکے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ نے کہا کہ چین کے تعاون سے گوادر میں سکول کا قیام سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے گوادر کے بچوں کو تعلیم کے حصول کے بہترین مواقع ملیں گے جس سے وہ اپنا مستقبل سنوار سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فقیر کالونی میں 4کروڑ روپے کی خطیر مالیت تعمیر ہونے والا یہ سکول چین کی فراخ دلی کاثبوت ہے ، جس سے گوادر میں تعلیم ترقی ممکن ہوگی۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ گوادر میں سماجی شعبہ میں مختلف منصوبوں کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے اور انہیں یقین ہے کہ چین اس جانب خصوصی توجہ دے گا،انہوں نے کہا کہ گوادر کے باشعور عوام اور بلوچستان کی صوبائی حکومت پاک چائنا اقتصادی راہداری میں ہر ممکن تعاون اور اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کے لیے تیارہیں ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں چائنا فاؤنڈیشن برائے امن و ترقی کی ڈائریکٹر جنرل مس سن ہائے ین نے کہا کہ گوادر میں سکول کے قیام کا مقصد یہاں کے عوام کو بہتر تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کرنا ہے، یہ سکول تعلیم کی تمام جدید سہولتوں سے آراستہ ہوگا، انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا ادارہ گوادر میں سماجی شعبہ کی ترقی کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریگا اور مزیدمنصوبوں پر کام کیاجائے گا۔