کراچی‘ ایف آئی حکام کی کارروائیاں، ڈاکٹر عاصم حسین کے فرنٹ مین رفیق گوڈیل سمیت چار ملزم گرفتار

جمعرات 12 نومبر 2015 11:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) کراچی میں ایف آئی اے حکام نے مختلف کارروائیوں کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین کے مبینہ فرنٹ میں رفیق گوڈیل سمیت چار ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ میڈیسن مارکیٹ میں چھاپے سے کروڑوں روپے کی جعلی ادویات بھی برآمد کر لیں۔ایف آئی اے حکام ایک بار پھر ایکشن میں آ گئے۔ پی ایس او کی ذیلی کمپنی ایشیا پٹرولیم کے ٹھیکدار رفیق گوڈیل کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم پر الزام ہے کہ وہ ایشیا پیٹرولیم کمپنی میں جعلی انشورنس گارنٹی پر ٹھیکے حاصل کرتا تھا۔ملزم ایف آئی اے کے ہاتھوں پہلے سے گرفتار ایشیا پیٹرولیم کپمنی کے سابق ایم ڈی نوید زبیری کے ساتھ مل کر ٹھیکے حاصل کرتا تھا۔ نوید زبیری ڈاکٹر عاصم کا قریبی عزیز ہے۔ ڈاکٹر عاصم کی سفارش پر نوید زبیری کو پہلے پی ایس او اور بعدازاں ایشیا پیٹرولیم کمپنی میں تعینات کرایا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق رفیق گوڈیل ڈاکٹر عاصم کا فرنٹ مین ہے۔ایف آئی اے نے طارق روڑ اور بہادر آباد میں بھی کارروائیاں کیں اور تاریخ میں پہلی بار منی لانڈرنگ کے الزام میں تین ملزمان ساجد، شاہ نواز اور احمد کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزموں نے پانچ کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی۔ گرفتار ملزموں نے اہم شخصیات کی رقم بیرون ملک منتقل کی۔ ملزموں کے خلاف منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیا گیا۔ادھر ایف آئی اے نے میڈیسن مارکیٹ چھانٹی لین میں چھاپہ مارتے ہوئے کروڑوں روپے کی جعلی اور زائد المیعاد ادویات برآمد کر کے دو دکانیں سیل کر دیں۔

متعلقہ عنوان :