سینیٹ اجلا س ،پیپلزپارٹی‘ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور فاٹا کے سینیٹرز کا مالاکنڈ درگئی روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر اظہا ر افسو س

جمعرات 12 نومبر 2015 12:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) ایوان بالا میں پیپلزپارٹی‘ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور فاٹا کے سینیٹرز نے مالاکنڈ درگئی میں چیک پوسٹ کے قریب ایک کلومیٹر سڑک کی تعمیر میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شاہراہ پر روزانہ 20 ہزار کے قریب گاڑیاں گزرتی ہیں اور چیک پوسٹ کے قریب گھنٹوں گاڑیاں کھڑی رہتی ہیں جس سے عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے میٹرو بس تو ایک سال میں مکمل کر لی جاتی ہے مگر خیبرپختونخوا میں صرف ایک کلومیٹر سڑک 3 سالوں میں تعمیر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ چیک پوسٹ پر چیکنگ کیلئے ہر وقت سینکڑوں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں اور مسافر گاڑیوں میں موجود مرد خواتین اور بچوں کو گھنٹوں طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیک پوسٹ کے قریب سڑک کی جلد از جلد مرمت کیلئے اقدامات کئے جائیں
سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر سیفران نے کہا کہ مذکورہ چیک پوسٹ پر عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر چار رویا سڑک تعمیر کی گئی ہے مگر اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سڑک کو 6 رویا کیا جائے انہوں نے کہا کہ سڑک تعمیر کیلئے جلد ہی فنڈز جاری کر دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :